Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز تیسرے دن بھی اضافہ، شرقیہ ریجن میں مریض زیادہ

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 175 نئے مریض سامنے آئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کے کیسز میں بدھ کو تیسرے دن بھی اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 175 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
یاد رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے نئے کیسز کی تعداد سو کے قریب تھی۔ مملکت میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 64 ہزار 271 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز ایک ہزار 954 ہیں جن میں سے 307 کی حالت نازک ہے۔
 بدھ کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں 156 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 56 ہزار 13 ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے چار اموات ہوئی ہیں۔ جس کے بعد اب تک مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 304 تک پہنچ گئی ہے۔‘
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض شرقیہ ریجن میں سامنے آئے جہاں 45 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ریاض ریجن میں مریضوں کی تعداد 43 رہی۔
مدینہ منورہ ریجن میں نو اور عسیر ریجن میں آٹھ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کورونا  کے سب سے زیادہ مریض شرقیہ ریجن میں رہے (فوٹو: ایس پی اے)

  نجران میں چھ، القصیم میں پانچ، الحدود الشمالیہ اور جازان ریجن میں تین، تین جبکہ حائل، الجوف اور باحہ ریجن میں دو، دو مریض سامنے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لیے وزارت کی ایپ پر رجسٹریشن کرانے کے بعد مقررہ دن ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔
کورونا ویکسینیشن سینٹر ریاض، جدہ اور الخبر میں قائم کیے گئے ہیں، دیگر شہروں میں بھی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: