سیاہی والے داغوں پر سوکھنے سے قبل نمک مل دیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کپڑوں پر سیاہی یا کسی گہرے داغ کا لگ جانا معمول کی بات ہے۔ سیاہی کے داغوں کو دھونے کے لیے گھروں میں مختلف طریقے آزمائے جاتے ہیں لیکن پھر بھی کئی داغ اپنا نشان چھوڑ جاتے ہیں۔
ایسے میں ضروری ہے کپڑے پر جس جگہ داغ لگے اسے خشک نہ ہونے دیں اور اسی وقت اس حصے کو اچھی طرح دھو لیں کیونکہ اگر ایک دفعہ وہ خشک ہو گیا تو وہ پکا ہوجائے گا۔
کپڑوں سے ایسے داغ ہٹانے کے کچھ آزمودہ طریقے یہ ہیں۔
سب سے پہلے کپڑے پر لگنے والی سیاہی کا تعین کریں کہ جو داغ کا سبب بنی ہے اس لیے کہ پانی والی سیاہی اور خشک سیاہی کے داغ دھونا آسان ہوتے ہیں۔
سیاہی والے داغوں پر سوکھنے سے قبل نمک مل دیں۔ اس کے بعد داغدار جگہ کو گیلے کپڑے کے ساتھ رگڑیں پھر نمک سے صاف کرلیں۔
داغ کے نیچے تولیہ یا خشک کپڑا رکھیں۔ اس کے اوپر پانی ڈالیں۔ پھر دوسرے صاف کپڑے سے صاف کریں۔ خشک ہونے سے قبل داغ دوسرے کپڑے پر منتقل ہو جائے گا۔
سیاہی والے داغ پر واشنگ پاؤڈر لگائیں اور پھر کپڑے کو پانچ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ کپڑے عموماً گرم پانی میں دھونے کی کوشش کریں۔ خشک ہونے سے پہلے چیک کریں کہ داغ مکمل طور پر ختم ہو چکاہے یا نہیں۔ اگر داغ کا نشان باقی ہے تو صفائی ستھرائی کے مراحل کو دوہرائیں۔
ہیئر سپرے
زیادہ تر بالوں کے سپرے میں الکوحل ہوتا ہے جو سیاہی کو تحلیل کرنے اور داغوں کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔ کم مہنگے برانڈ اکثر اس کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔ داغ کی جگہ کپڑے کے نیچے صاف تولیہ رکھیں اور ہیئر سپرے داغ والی جگہ پر اچھی طرح چھڑکیں، اور صاف تولیے سے صاف کریں یہاں تک کہ داغ ختم ہو جائے۔
نیل پالش ریموور
اگرچہ یہ پکی سیاہی کے داغوں دھونے کے لیے کارگر ہے لیکن نیل پالش ہٹانے والا (ایسیٹون) کپڑے کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ لہٰذا اس کو پہلے کسی کپڑے پر آزما لیں۔ اگر یہ ٹھیک ہو جاتا ہے تو تولیہ کپڑے کے نیچے رکھنے کے بعد نیل پالش ہٹانے والا مواد داغ کی جگہ پر لگا لیں اور اس کے بعد کپڑے کو دھولیں۔
دودھ
دودھ کا ایک پیالہ بھر لیں اس میں کپڑے کی داغ والی جگہ ڈال دیں اور رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد دوسرے دن کپڑے دھولیں۔