سعودی شہریوں کو جہازوں کی مرمت کی تربیت دینے کا معاہدہ
معاہدے کا مقصد تربیتی پروگراموں کا تبادلہ اور ایئرکرافٹ کی مرمت کے معیار کو بہتر بنانا ہے (فوٹو: سعودی پریس ایجنسی)
سعودی عرب میں جہازوں کے معائنے، جانچ پڑتال اور مرمت کے ادارے سعودی ایروسپیس انجینیئرنگ انڈسٹریز اور ہوابازی کے علوم کے کالج پرنس سلطان ایوی ایشن اکیڈمی نے سپارٹن کالج آف ایروناٹکس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک مشترکہ تربیتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کا مقصد تربیتی پروگراموں کا تبادلہ، تربیت یافتہ لوگوں پر مشتمل گروپ تیار کرنا اور ایئرکرافٹ کی مرمت و بحالی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
یہ معاہدہ سعودی ایئر لائن کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم العمر کی موجودگی میں طے پایا ہے۔
اس معاہدے میں سعودی ایروسپیس انجینیئرنگ انڈسٹریز کے عملے کو جہازوں کی مرمت اور جانچ پڑتال کے حوالے سے مشاورت فراہم کرنا اور مخصوص مہارتوں سے ایس اے ای آئی کے تکنیکی سکول کی معاونت کر کے اس کی کارکردگی بہتر بنانا شامل ہے۔
العمر کا کہنا ہے کہ ’یہ معاہدہ سعودی ایئرلائن کی تکنیکی استعداد بڑھائے گا اور اس کے معیار کو بلند کرے گا جبکہ جہازوں کے سٹرکچر، انجن اور الیکٹرونکس کی مرمت کے لیے تربیت یافتہ افراد پر مشتمل گروپ بنانے میں کردار ادا کرے گا۔‘