ریاض کی سبزی اور کھجور منڈی پر چھاپے،47 غیرملکی گرفتار
ریاض کی سبزی اور کھجور منڈی پر چھاپے،47 غیرملکی گرفتار
بدھ 27 جنوری 2021 21:33
قوانین محنت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض میں سبزی اور کھجور منڈی میں چھاپے مار کر47 غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
زیر حراست غیر ملکی منڈی میں اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت کے انسپکٹرز نےغیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کوقانونی کارروائی کے لیے ادارہ ترحیل کے حوالے کردیا ہے۔ قانون محنت اور لائحہ عمل کی 42 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کیں۔
وزارت افرادی قوت کے انسپکٹرز نے ریاض ریجن میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف تجارتی مراکز پر 400 چھاپے مارے تھے۔ یہ چھاپے قوانین محنت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت ریاض شاخ ’معا للرصد‘ ایپ کے ذریعے خلاف ورزیوں کی بابت شکایات کا ریکارڈ تیار کرتی ہے۔ وزارت 19911 پر رابطے کرنے والوں کی شکایات کا بھی اندراج کررہی ہے۔