Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیجنڈ کی پہلی دلہن: ’یہ سکیم تیرے لیے نہیں ہے‘

گفتگو کے بیشتر شرکا ٹرینڈ کی وجہ جاننے کے خواہاں دکھائی دیے (فوٹو: پکسابے)
عمومی مشاہدہ ہے کہ اہم واقعات، موضوعات یا پھر کسی ایجنڈے کے تحت چھیڑی گئی گفتگو سوشل میڈیا باالخصوص ٹوئٹر پر ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنتی ہے۔ تاہم اس مرتبہ پاکستانی ٹویپس کو ذرا مختلف صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ 
بہت سے صارفین نے اپنی اپنی ڈیوائسز پر جمعے کی صبح ٹوئٹر ایپ کھولی تو لسٹ میں موجود سرفہرست ٹرینڈ دیکھ کر اکثریت اس کے پس پردہ اصل وجہ جاننے کی خواہاں دکھائی دی۔ یہ خواہش صارفین کی گفتگو میں سب سے زیادہ نمایاں رہی۔
ٹرینڈز لسٹ میں #لیجنڈ_کی_پہلی_دلہن کی ترکیب دیکھ کر گفتگو کا حصہ بننے والے، بجائے اس موضوع پر بات کرنے کے یہ پوچھتے نظر آئے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ یہ ٹرینڈ، لسٹ میں موجود ہے۔

چند گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے اس ہیش ٹیگ کو استعمال کر کے ٹویٹس کیں مگر بظاہر کوئی اس کی وجہ جاننے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اسی دوران کچھ صارفین نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ صبح جاگنے کے بعد سے لسٹ میں اس ٹرینڈ کو دیکھ رہے ہیں، لیکن ابھی تک وجہ نہیں جان پائے ہیں۔
بات میمز تک پہنچی تو ایک صارف نے گفتگو کا کوئی سرا ہاتھ نہ آتا دیکھ کر یہ تک کہہ ڈالا کہ مذاق ہو رہا ہے۔

ٹرینڈ کیوں شروع ہوا کا جواب نہ پا کر کچھ صارفین خود لاعلم رہنے پر الجھن کا شکار ہوئے تو ساتھ ہی یہ اعتراف بھی کیا کہ بیشتر افراد نہیں جانتے کہ معاملہ کیا ہے۔ ایسے ہی ایک ہینڈل سے سوال کیا گیا اگر کوئی نہیں جانتا کہ کیا ٹرینڈ کر رہا ہے، تو پھر یہ ٹرینڈ کیوں کر رہا ہے؟

سوشل میڈیا پر نسبتا زیادہ فعال صارفین میں سے کچھ نے ٹرینڈ کیوں چل رہا ہے؟ سے گفتگو کا رخ موڑا تو یہ سوال بھی پوچھا کہ ’کون ہے لیجنڈ کی پہلی دلہن‘۔
 

کسی نے اس ٹرینڈ کو شادی شدہ افراد کی جانب سے سنگلز کے لیے طعنے جیسا مانا تو میم کے ذریعے کہا کہ ’جا تو یہاں سے، یہ سکیم تیرے لیے نہیں ہے‘۔

نوابزادی نامی ہینڈل نے ہیش ٹیگ کی وجہ جانتے صارفین کی صورتحال دیکھ کر اپنے تبصرے میں دعوی کیا کہ ان کی دوستوں کا خاصے عرصے سے موجود گروپ آج اس ٹرینڈ کے ساتھ منظر عام پر آ گیا ہے، عوام لیجنڈز کو ڈھونڈنے میں مگن کہ آخر یہ کون ہیں؟

خود کو لیجنڈز گروپ کا حصہ قرار دینے والے ایک اور ہینڈل نے بھی ٹرینڈ کے پس پردہ وجہ کا ذکر کیا تو کچھ دیگر ہینڈلز کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’تم سب ماہو کی شادی پہ اتنی ایکسائٹڈ ہو گئی ہو کہ ٹرینڈ ہی پینل پہ لے آئی۔ اس ٹرینڈ کو کھول کر میمز دیکھو پوری قوم کو پریشان کر دیا ہے‘۔

ہیش ٹیگز کا جائزہ لینے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق ’لیجنڈ کی پہلی دلہن‘ کا یہ ٹرینڈ گزشتہ چند گھنٹوں میں پونے دو لاکھ امپریشنز اور اڑھائی لاکھ سے زیادہ ریچ حاصل کر چکا ہے۔

شیئر: