Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھاکڑ: ’وہ بے خوف ہے، جوشیلی ہے، وہ ایجنٹ اگنی ہے‘

اس سے قبل کنگنا نے ایکشن فلم کی تھی لیکن وہ بہت کامیاب نہیں رہی۔۔ (فوٹو: کنگنا رناوت فیس بک)
ہاتھ میں بندوق اٹھائے، جسم سے رستے خون کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اردگرد لگی آگ سے بے خوف ہو کر گزرتی کنگنا رناوت اور گولیوں کی بوچھاڑ۔۔۔ یہ کسی ہالی وڈ فلم کا منظر نہیں بلکہ یہ بالی وڈ کی فلم ’دھاکڑ‘ کا ٹریلر ہے جو گذشتہ ہفتے ہی ریلیز ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
اس ٹریلر کے آخر میں کنگنا کسی پر گولیوں کی بوچھاڑ کرتی نظر آتی ہیں اور پھر چہرے سے ٹپکتے خون پر زبان پھیر کر سامنے غور سے دیکھتی ہیں جیسے انہوں نے اپنا ہدف پورا کر لیا ہو۔
کنگنا کے اس منفرد انداز کو دیکھ کر آپ کو اینجلینا جولی کی فلم ’ٹومب ریڈر‘ یا’مسٹ اینڈ مسز سمتھ‘ یا ’سالٹ‘ کی یاد تازہ ہو سکتی ہے۔
کنگنا رناوت نے اس فلم کے پوسٹر کے ساتھ ٹویٹ کی ہے کہ ’وہ بے خوف ہے، جوشیلی ہے۔ وہ ایجنٹ اگنی ہے۔‘ انڈیا کی خاتون کی سربراہی والی پہلی ایکشن تھریلر ’دھاکڑ‘ یکم اکتوبر  2021 کو ریلیز ہو رہی ہے۔‘

پوسٹر میں کنگنا نے کٹانا تلوار اٹھا رکھی ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے ہالی وڈ فلم ’کل بل‘ کی اداکارہ اوما تھرمین کا اوتار لے رکھا ہے۔
انڈیا میں اس قسم کی فلم ابھی تک نہیں بنی ہے لیکن سنیمیٹوگرافی میں بے انتہا ترقی کے سبب اس قسم کا پس منظر تیار کرنے میں کامیابی ملی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کنگنا نے اس فلم کے لیے مسکڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) کے مظاہرے کے لیے تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ میں تربیت لی ہے۔
اس سے قبل کنگنا کچھ ایکشن فلمز میں نظر آئی تھیں کی تھی لیکن وہ بہت کامیاب نہیں رہیں۔ ان کی فلم ’رنگون‘ اس کی مثال ہے۔ اس کے بعد انھوں نے انڈیا کی روایتی تلوار بازی کا مظاہرہ فلم 'منی کرنیکا' میں کیا جس میں انھوں نے ’جھانسی کی رانی‘ کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم بھی لوگوں کی امید پر بہت زیادہ پوری نہیں اتر سکی اور ناقدین کی طرف سے تنقید بھی کی گئی۔

دھاکڑ فلم کے ہدایت کار رازنیش گھئی ہیں جبکہ کہانی چنتن گاندھی کی ہے۔ (فوٹو: دھاکڑ فلم ٹوئٹر )

بہر حال یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اگر یہ فلم کسی ہالی وڈ کی نقل بھی ٹھہری تو وہ ایڈونچر کریکٹر لارا کرافٹ ثابت نہ بھی ہوں تو ایکشن فلم میں کردار نبھانے والی امریکی اداکارہ اوما تھرمین کے ہم پلہ ہو ہی سکتی ہیں۔
اس فلم میں کنگنا کے ساتھ ارجن رامپال اور دویہ دتہ ہیں۔ اس فلم کے ہدایتکار رازنیش گھئی جبکہ کہانی چنتن گاندھی کی ہے اور سکرین پلے خود رازنیش نے لکھے ہیں۔ اس فلم کے فلمساز سوہیل مکلائی اور دیپک موکوت ہیں۔
اس فلم کے ہدایتکار رازنیش گھئی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ انڈین سینیما کے لیے ایک ’ٹرینڈ سیٹر‘ فلم ثابت ہوگی جس میں ایک خاتون جاسوس بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ٹریلر دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس طرح کی فلم انڈیا میں پہلے نہیں بنی ہے لیکن اس سے قبل بہت سی اداکاراؤں نے بہت سی فلموں میں جاسوس کا کردار ادا کیا ہے اور ان کی فلمیں سپر ہٹ بھی رہی ہیں۔

اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے فلم 'ڈان' اور 'غنڈے' میں اپنی اداکاری کا جلوہ دکھایا (فوٹو: سکرین گریب)

اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے فلم 'ڈان' اور 'غنڈے' میں اپنی اداکاری کا جلوہ دکھایا۔ یہاں تک کہ بہت سے لوگوں نے کہا کہ اس فلم کا کریڈٹ پرینکا چوپڑہ لے گئیں۔ اسی طرح 'غنڈے' میں وہ انڈر کور کاپ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں۔
اسی طرح ’ایک تھا ٹائيگر‘ میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف نے بھی جاسوس کا کردار ادا کیا ہے اور لوگوں نے ان کے کردار کو پسند کیا۔ اسی طرح ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بھی وہ ایکشن میں نظر آئیں۔ انھوں نے بھی اس کردار کے لیے مکسڈ مارشل آرٹ کی خاص تربیت لی تھی۔
ویسے بھی کترینہ کیف کو بہت سنجیدہ اور اپنے کردار میں ڈوب کر محنت کرنے والی اداکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انھوں نے عامر خان کے ساتھ فلم ’دھوم تھری‘ میں بھی سرکس کی ماہر لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔

فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں کترینہ کیف ایکشن میں نظر آئی تھیں (فوٹو: ٹائیگر زندہ ہے پوسٹر)

یہ چند مثالیں تو حالیہ زمانے کی ہیں یعنی 21 ویں صدی کی لیکن اس سے قبل بالی وڈ کی مشہور جاسوسی فلم ’آنکھیں‘ آئی تھی جس میں دھرمیندر کے ساتھ مالا سنہا نے جاسوس کا کردار ادا کیا تھا۔
انڈیا کی فلموں میں اس سے قبل بھی بہادری کے کارنامے دکھانے والی خاتون لیڈ والی فلمیں سامنے آ چکی ہیں اور جب ذکر ہو فلموں میں سٹنٹس دکھانے والی اداکاراؤں کا تو نادیہ کا نام نہ آئے یہ ممکن نہیں۔
انہیں ’فیئرلیس نادیہ‘ یعنی بے خوف نادیہ کا عرفی نام دیا گیا تھا۔ ان کی فلم ’ہنٹر والی‘ سنہ 1935 میں آئی تھی اور وہ سٹنٹ کی ماہر سمجھی جاتی تھیں۔ ان کا اصل نام میری این ایوانس تھا اور سنہ 1908 میں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پیدا ہوئی تھیں۔

جب ذکر ہو فلموں میں سٹنٹس دکھانے والی اداکاراؤں کا تو نادیہ کا نام نہ آئے یہ ممکن نہیں (فوٹو: سکرین گریب)

ان کی فلموں کے نام سے ہی آپ یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ان کی زیادہ تر فلمیں خاتون لیڈ رول میں ہوا کرتی تھیں، جیسے فرنٹیئر میل، لتورا لالنا (یعنی ڈاکو حسینہ)، ڈائمنڈ کوئن، بمبئی والی، جنگل پرنسس، ہنٹر والی کی بیٹی، جنگل کا جواہر، کھلاڑی وغیرہ۔
جہاں تک کنگنا کی نئی فلم 'دھاکڑ' کا سوال ہے تو کنگنا مختلف قسم کی فلمیں کرنے میں یقین کرتی رہی ہیں اور وہ اپنی اداکاری کے دم خم پر پوری فلم انڈسٹری کے خلاف ایک طرح سے ڈٹی ہوئی ہیں۔
اگر ان کی یہ فلم کامیاب ہوتی ہے تو یہ امید کی جاسکتی ہے کہ اس فلم کا سیکوئل بھی جلد ہی سامنے آئے گا جیسا کہ ہالی وڈ فلم 'کل بل' کا سامنے آیا تھا۔ دھاکڑ کے بعد ان کی فلم 'تیجس' بھی آنے والی ہے جس میں وہ ایک فائٹر پائلٹ کے کردار میں نظر آئیں گی۔

شیئر: