غیر ملکی سعودی عرب سے باہر پیدا ہونے والے اپنے بچوں کا اقامہ کیسے بنوائیں؟
غیر ملکی سعودی عرب سے باہر پیدا ہونے والے اپنے بچوں کا اقامہ کیسے بنوائیں؟
جمعہ 19 فروری 2021 8:44
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
جوازات کے قوانین کے مطابق بیرون مملکت سے آنے کے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کے اندر نومولود کو اقامہ میں درج کرانا لازمی ہے: فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب میں رہائشی قوانین کے مطابق ’اقامہ‘ ہونا بنیادی شرط ہے۔ ایسے افراد جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں ان کے ذمہ اپنے اہل و عیال کے اقامہ کا اجرا اور تجدید ہوتی ہے۔
بیرون مملکت پیدا ہونے والے بچوں کے اقامہ بنوانے کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے جاری کردہ قوانین کے مطابق وہ افراد جن کے یہاں بچے کی ولادت مملکت سے باہر ہوتی ہے ان کے لیے اقامہ میں نومولود کا اضافہ کرنے کے حوالے سے مندرجہ ذیل امور کو مکمل کرنا لازمی ہے ۔
اپنے ملک میں قائم سعودی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رجوع کریں جہاں نومولود کے لیے ویزہ درخواست فارم کے ساتھ بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ جمع کرایا جائے جبکہ والدین کے اقامہ کاپی بھی ساتھ منسلک کریں۔
ویزے کے اجرا کے بعد سعودی عرب آنے پر درج ذیل کارروائی مکمل کی جائے تاکہ نومولود کا اقامہ حاصل کیا جا سکے۔
1 ۔ نومولود کے ویزے کی فیس 2000 ریال ڈیجیٹل سسٹم میں ’سداد‘ آپشن کے ذریعے جمع کرائی جائے۔
2۔ مقررہ منظور شدہ ہسپتال یا طبی مرکز سے میڈیکل رپورٹ جس میں پیدائش کے بعد کی ویکسینیشن کی رپورٹ ہو۔
3 ۔ نومولود کی 2 عدد رنگین تصاویر سائز 4*6
4 ۔ مقررہ فارم جو جوازات کی ویب سائٹ پر موجود ہے
5 ۔ بچے کا جدا پاسپورٹ ہونا لازمی ہے
6۔ جس وقت نومولود کا اقامہ میں اضافہ کرایا جائے اس وقت بچے کا مملکت میں ہونا لازمی ہے
7 ۔ میڈیکل انشورنس (غیر ملکیوں کے لیے مملکت میں اقامہ کے اجرا اور تجدید کو میڈیکل انشورنس سے مشروط ہے)
جوازات کے قوانین کے مطابق بیرون مملکت سے آنے کے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کے اندر نومولود کو اقامہ میں درج کرانا لازمی ہے۔
مقررہ مدت گزرنے کے بعد 500 ریال جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے جبکہ وہ افراد جن کے بچے مملکت میں پیدا ہوتے ہیں اور وہ ایک برس تک بچے کا اقامہ نہ بنوائیں تو اس صورت میں قانون کی شق نمبر 61 کے تحت جرمانہ ایک ہزار ریال ادا کرنا ہوتا ہے۔
نومولود کا اقامہ بنوانے کے لیے والدین کے اقامہ کی فوٹو کاپی جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ خاتون اپنے شوہر کے اقامہ میں درج ہے علاوہ ازیں بچے کا اصل پاسپورٹ بھی جمع کرایا جاتا ہے جس کے بعد اقامہ کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب آنے کے بعد ہوائی اڈے پر جوازات کے سسٹم میں بچے کی انٹری اورپاسپورٹ پر انٹری نمبر درج کیا جاتا ہے۔
نومولود کے لیے اقامہ کے اجرا کی کارروائی مملکت آنے کے بعد مکمل کی جاتی ہے جو محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘میں ہوتی ہے۔
اس کے لیے بہتر ہے کہ موجودہ کورونا کی صورت حال کے پیش نظر جوازات کے دفتر جانے سے قبل ابشر اکاؤنٹ پر پیشگی وقت حاصل کر لیا جائے تاکہ کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔