Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کمشنری میں ویکسینیشن کے مزید 12سینٹرز قائم

ویکسینیشن سینٹرزمیں مجموعی طورپر103 کمرے مخصوص کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امور صحت نے جدہ کمشنری میں مزید 12 کورونا ویکسینیشن سنٹرقائم کردیئے جہاں شہریوں اور غیر ملکیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ سینٹرز میں مجموعی طورپر 103 کمرے ویکسین لگانے کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے ادارہ امور صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ جمعہ کے روز جدہ کے 5 ہسپتالوں اور7 طبی مراکز میں کورونا ویکسینیشن کے خصوصی سینٹرز قائم کیے ہیں جہاں اعلی تربیت یافتہ عملے کو متعین کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگائی جاسکے۔
ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد بڑھائے جانے کا مقصد جلد از جلد بڑی تعداد کو کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین لگانا ہے تاکہ محدود وقت میں کورونا کی وبا پر قابو پایاجاسکے۔

ویکسینیشن کےلیے صحتی ایپ پرپیشگی وقت لینا ضروری ہے(فوٹو، ایس پی اے)

جدہ کمشنری میں جن مزید ویکسینیشن سینٹرز کا آغاز کیا گیا ہے ان میں شاہ عبدالعزیز ہسپتال، شاہ عبداللہ کمپلیکس شمالی جدہ، زچہ و بچہ ہسپتال ، فیلڈ ہسپتال اور اضم جنرل ہستپال میں ویکسینیشن کے لیے خصوصی سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
ادارہ صحت کی جانب سے کمشنری میں مزید 7 طبی مراکز میں بھی ویکسینیشن کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جن میں المحجر صحت مرکز ، شہزادہ عبدالمجید سینٹر، البوادی ون ، ابحر شمالی ، جامعہ ، رابغ میں المرجانیہ صحت مرکز اور اللیث صحت مرکز شامل ہیں جہاں آنے والوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی ۔
مذکورہ سینٹرز ہفتے کے ساتوں دن صبح آٹھ سے رات 12 بجے تک کام کریں گے ۔ اس سے قبل جدہ میں شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ پر مرکزی ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا تھا۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے ادارہ امور صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے کے لیے ہر شخص صحتی ایپ پر خود کورجسٹرکرائے تاکہ وقت مقررہ پر اسے ویکسین لگائی جاسکے۔
واضح رہے وزارت صحت اور سعودی ٹیلی کام کے اشتراک سے لوگوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی ویکسین لگوانے کےلیے صحتی ایپ میں رجسٹرکرانےکے لیے کہا جارہا ہے۔

شیئر: