چھ علاقوں میں مزید 17 مساجد عارضی طور پر بند
وزارت اسلامی امور نے 15 روز کے دوران 125 مساجد بند کی ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ نمازیوں میں کورونا کے 17 مریض ریکارڈ پر آنے کے بعد 6 علاقوں کی مزید 17 مساجد عارضی طور پر بند کردی گئی ہیں۔ اس طرح بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 125 ہوگئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے 15 روز کے دوران 125 مساجد بند کیں جبکہ سینیٹائزنگ، صفائی اور حفظان صحت کے ضوابط کی کارروائی مکمل ہونے پر 105 مساجد بحال کی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مملکت بھر میں 58298 تفتیشی کارروائیں کی ہیں۔ حالیہ ہفتے کے دوران 23574 کارروائیاں کی گئی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں بتایا کہ نمازیوں اور مساجد کے اہلکاروں کے حلقوں میں 485 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ تین ہفتوں کی مجموعی خلاف ورزیاں 816 ہو گئی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے اپیل کی کہ وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی یا ان پر درست طریقے سے عمل نہ ہونے کی اطلاع ہونے پر 1933 پر رابطہ کریں۔