Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی کو شکست، کراچی کنگز چھ وکٹوں سے کامیاب

حیدر علی نو رنز بنا کر ڈینیئل کرسٹین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے تیرہویں میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد عمران کی پہلی بال پر ہی شرجیل خان کیچ آؤٹ ہو گئے۔
 
ون ڈاؤن آنے والے جو کلارک نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن وہ 17 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
کراچی کنگز کو تیسرا نقصان کولن انگرام کی وکٹ کا اٹھانا پڑا، وہ تین رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد نبی اور بابر اعظم پشاور زلمی کے بولرز کے آگے ڈٹ گئے اور ان کے تمام حربے ناکام بنا دیے۔ محمد نبی نے 35 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی بابر اعظم کے ساتھ 118 رنز کی پارٹنرشپ بھی بنی۔
بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل روی بوپارا اور ردرفورڈ کی عمدہ بیٹنگ اور آخر میں عماد بٹ کی جارحانہ اننگز کی وجہ سے پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 188 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام کیڈمور نے اننگز کا آغاز کیا۔ کامران اکمل 21 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد  ٹام کیڈمور بھی صرف 10 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے، جنہیں محمد الیس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
جبکہ گذشتہ میچز میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے حیدر علی نو رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئے۔ انہیں ڈینیئل کرسٹین نے آؤٹ کیا۔

 روی بوپارا اور ردرفورڈ نے پانچویں وکٹ کی شراکت داری کے لیے 82 رنز بنائے۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ)

اس کے بعد روی بوپارا اور ردرفورڈ نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت داری کے لیے 82 رنز بنائے، تاہم ردرفورڈ بدوسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 46 رنز پر محمد الیاس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ 
جبکہ روسی بوپارا نے 38 گیندوں پر اپنے 50 رنز مکمل کیے، وہ 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
کراچی کنگز کے لیے 20واں اوور اچھا ثابت نہ ہوا اور عماد بٹ نے ڈینیئل کرسٹین کو تین چوکے اور دو چھکے لگا دیے۔ وہ سات گیندوں پر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کے زخمی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
دونوں ٹیمیں پانچ، پانچ میچز کھیل چکی ہیں۔ پشاور زلمی نے دو میچ ہارے جب کہ تین میں کامیابی حاصل کی جب کہ پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ تین میں کامیابی سمیٹی ہے۔
آج کے میچ کے لیے پشاور زلمی چار غیر ملکی جب کہ ایک ایمرجنگ اور کراچی کنگز کی ٹیم چار غیر ملکی جب کہ دو ایمرجنگ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

شیئر: