مواصلات اور آئی ٹی کے شعبوں میں خواتین کی شرکت میں اضافہ
مواصلات اور آئی ٹی کے شعبوں میں خواتین کی شرکت میں اضافہ
منگل 9 مارچ 2021 20:51
آئی ٹی سیکٹر میں خواتین کی شرح 11 سے بڑھ کر24 فیصد ہو گئی ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)
وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ’ایم سی آئی ٹی‘ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ مواصلات اور آئی ٹی سیکٹر میں سعودی خواتین کی شرکت کی شرح 24 فیصد ہو گئی ہے۔
خواتین کی 2017 میں ان شعبوں میں شرکت 11 فیصد تھی، جس میں 2021 میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’ایم سی آئی ٹی‘ میں مستقبل کی بھرتیوں کے شعبے کے ڈائریکٹر بندر الدویس نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ہونے والے سمٹ سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ ’متعدد اقدامات کے باعث تکنیکی شعبے میں خواتین کی شرکت کی شرح سلیکان ویلی سے بھی آگے نکل گئی ہے جو اس وقت 17 فیصد ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’خواتین کی تربیت پر کیے جانے والے اخراجات میں حالیہ اضافے کی وجہ سے اس وقت ڈیجیٹل کاروبار کرنے والوں میں خواتین کی تعداد 40 فیصد ہے۔‘
جبکہ جی 20 ویمنز امپاورمنٹ ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ہالہ التویجری نے کہا کہ ’مملکت کی صدارت کے عرصے میں سعودی عرب میں تین جہتوں پرمرکزی توجہ دی گئی جن میں انسان کو بااختیار بنانا، زمین کی پائیداری اور نئی پالیسیوں کا نفاذ شامل ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’خواتین کو بااختیار بنانا ان سب کا بنیادی مقصد تھا۔‘
سائبر سیکیورٹی میں مملکت کی سرمایہ کاری کے باعث اسے بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین کی جانب سے علاقائی سطح پر پہلی اور عالمی سطح پر 13ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔
اس حوالے سے نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے سینٹر آف سٹراٹیجک سٹڈیز کی جنرل منیجر بسمہ الجدیعی کا کہنا ہے کہ ’خواتین نے اتھارٹی کے تربیتی پروگراموں میں مردوں سے بہتر فائدہ اٹھایا ہے۔‘
طلبہ کو بین الاقوامی سطح کے باوقار اداروں میں وظائف کی پیشکش کرنے والے ’نیشنل اکیڈمی فار سائبر سکیورٹی سکالرشپ پروگرام‘ نے 67 فیصد خواتین درخواست دہندگان کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔
مملکت میں’سائبر سیکیورٹی ورک فورس‘ تیار کرنے والے پروگرام ’سائبر پرو‘ میں بھی شرکت کرنے والی خواتین کی تعداد 62 فیصد رہی۔
لیبرمارکیٹ میں خواتین کی شمولیت میں اضافے سے متعلق مملکت کے ہدف، نیز آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کا کردار بڑھانے کے لیے ’ایم سی آئی ٹی‘ نے ایک مربوط پروگرام بھی تیار کیا ہے جس کا مقصد مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔