’کامیاب شادی کے لیے ہمیشہ اپنے پارٹنر کو اہمیت دیں‘
ودیا بالن کی شادی سنہ 2012 میں پروڈیوسر سدھارت رائے کپور سے ہوئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
شاندار اداکاری کے لیے مشہور بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کے خیال میں شادی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے پارٹنر کو اہمیت دینا لازمی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ودیا بالن سنہ 2012 میں بالی وڈ کے پروڈیوسر سدھارت رائے کپور کے ساتھ شادی کے بندھن بندھی تھیں۔
بالی وڈ اداکارہ سے جب شادی کے رشتے کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہر صورت میں کوشش کریں کہ اپنے پارٹنر کی اہمیت میں کمی نہ لائیں۔
ودیا بالن نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آٹھ سالہ شادی کے دوران یہی سیکھا کہ اپنے پارٹنر کو غیر اہم نہ سمجھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے، یہی ان کی خوشحال شادی کا راز ہے۔
ودیا بالن کا کہنا تھا کہ ’شادی کے رشتے میں بہت محنت کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ ایک اسیے شخص کے ساتھ رہنا پڑ جاتا ہے جس کے ساتھ آپ اکھٹے پلے بڑھے نہیں ہوتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسی لیے دوسرے شخص کو غیر اہم سمجھنا کافی آسان ہوتا ہے، لیکن ایسا ہونا بہت خوفناک ہو سکتا ہے۔ اور ایسا کرنے سے ہی رشتے میں موجود کشش ختم ہو جاتی ہے۔‘
ودیا بالن کا کہنا تھا کہ شادی کو مضبوط اور خوشحال رکھنے کے لیے بہت محنت درکار ہوتی ہے، اور انہیں یہ محنت کرنا اچھا لگتا ہے۔
آئندہ دنوں میں ودیا بالن فلم ’شیرنی‘ میں نظر آئیں گی جس میں وہ محکمہ جنگلات سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔