Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیلی فون بوتھ سے سمارٹ فون کا سفر، پاکستانیوں میں مقبول کالنگ ایپس 

سمارٹ فون نے کمیونیکیشن کی دنیا میں انقلاب پیدا کر دیا اور کالنگ کی سہولت بھی ہر ایک کی دسترس میں ہوگئی: فوٹو فری پکس
دنیا بھر میں سمارٹ فونزکے سبب کمیونیکیشن کی دنیا میں آنے والے انقلاب کی وجہ سے فاصلے سمٹ گئے اور دنیا حقیقی معنوں میں گلوبل وولیج بن گئی ہے۔ 
سمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کے عام ہونے سے قبل مملکت میں رہنے والوں کےلیے وطن میں اپنے عزیزوں سے ٹیلی فون پر بات کرنا خاصا گراں تھا۔ 
مملکت میں کمیونیکیشن  کی ترقی کے ادوار 
سعودی عرب میں 70 اور 80 کی دہائی میں انٹرنیشنل کالنگ کافی مہنگی تھی۔ مختلف شہروں میں ٹیلی فون کمپنی ’الاتصالات‘ کے ٹیلی فون کیبنز تھے جن کے ذریعے بیرون ملک ٹیلی فون کالز کی جا سکتی تھیں۔ 
کیبن سے ٹیلی فون کرنے کے لیے وقت مقررہ سے کافی پہلے جا کراقامہ کے ذریعے اندراج کرانا پڑتا تھا جس کے بعد نمبر آنے پر ٹرنک کال ممکن ہوتی تھی۔ اس وقت پاکستان کے لیے فی منٹ کال تقریبا 12 ریال ہوا کرتی تھی۔ 
ٹیلی فون بوتھ 
کمیونیکیشن کے میدان میں 80 اور90 کی دہائی میں مزید ترقی ہوئی اورٹیلی فون کال کیبنز کی جگہ ٹیلی فون بوتھس نصب کر دیے گئے جو سکوں سے آپریٹ ہوتے تھے۔
فی منٹ 8 ریال کے حساب سے ادائیگی کی جاتی  تاہم ان بوتھس سے یہ سہولت ہوئی کہ کالز جب چائیں کی جا سکتی تھی مگرسکوں کا حصول ایک دشوار امر ہوتا تھا۔ 
پری پیڈ کارڈز  
سکوں والے بوتھ کے بعد دوسرے مرحلے میں 1996 سے 1999 تک پری پیڈ کارڈ متعارف ہوا جس کی وجہ سے سکوں کے حصول کا دشوار مرحلہ ختم ہوا اور ان کی جگہ پری پیڈ کارڈز نے لے لی اور اس کے ساتھ ہی سکوں والے بوتھ تاریخ کا حصہ بن گئے۔ 
ہوم پری پیڈ کارڈز 

کمیونیکیشن کے میدان میں 80 اور90 کی دہائی میں مزید ترقی ہوئی اورٹیلی فون کال کیبنز کی جگہ ٹیلی فون بوتھس نصب کر دیے گئے جو سکوں سے آپریٹ ہوتے تھے: فائل فوٹو

سال 2000 کے بعد کمیونیکیشن کے میدان میں برق رفتار ترقی کا دورثابت ہوا اور موبائل فون ٹیکنالوجی متعارف ہوئی جس کے ساتھ ہی ہوم پری پیڈ کارڈز کی سہولت بھی عوام کے لیے مہیا کی گئی۔
ہوم پری پیڈ کارڈز ہرجگہ دکانوں اور کریانہ سٹورز پربھی دستیاب ہوتے تھے جن کے ذریعے کسی بھی لینڈ لائن لوکل فون کے ذریعے نیشنل اور انٹرنیشنل کالز کی جا سکتی تھیں۔ 
موبائل فون سسٹم  
سعودی عرب میں موبائل فون کے ابتدائی دور میں موبائل کنکشن حاصل کرنا کافی دشوار مرحلہ تھا ۔ انٹرنیشنل لائن حاصل کرنے کےلیے غیر ملکیوں کو 10000 ریال زر ضمانت رکھوانا ہوتا تھا جس کے کئی دن بعد سم جاری کی جاتی تھی۔ 
وقت کے ساتھ ساتھ ترقی ہوتی گئی اور موبائل انڈسٹری میں نجی کمپنیوں کی شمولیت سے مراحل اور سمز کا حصول آسان ہوتا گیا۔ 
سمارٹ فون ایپس 
سمارٹ فون نے کمیونیکیشن کی دنیا میں انقلاب پیدا کر دیا جس کے بعد ٹیلی فون کے ذریعے نہ صرف آواز بلکہ وڈیو کالنگ کی سہولت بھی ہر ایک کی دسترس میں ہوگئی۔ 
تارکین میں مقبول ایپس 
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے سمارٹ فون کالنگ ایپس کافی معاون ثابت ہوئیں خاص کر وہ افراد جو اپنے اہل خانہ سے دور دیار غیر میں مقیم ہیں انہیں اپنے عزیزوں سے رابطے کے سلسلے میں بے حد سہولت ہوئی۔ 
واٹس اپ 

وقت کے ساتھ ساتھ ترقی ہوتی گئی اور موبائل انڈسٹری میں نجی کمپنیوں کی شمولیت سے مراحل اور سمز کا حصول آسان ہوتا گیا: فائل فوٹو

اس ایپ کے ذریعے کالنگ کی سہولت مملکت سمیت خلیجی ممالک میں بند ہے جبکہ اس ایپ کے ذریعے چیٹنگ اور وڈیو و تصاویر کی منتقلی ہی ممکن ہے۔ 
آئی ایم او 
مملکت میں اس وقت سب سے کامیاب ترین کالنگ ایپ ’آئی ایم او‘ ہے جو یہاں رہنے والے تقریباً تمام افراد ہی استعمال کرتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے نہ صرف آڈیو بلکہ وڈیو کالنگ کی بھی سہولت ہے۔ 
وی چیٹ  
یہ ایپ بھی سعودی عرب میں کام کرتی ہے تاہم اس ایپ کو استعمال کرنے والے کافی محدود ہیں۔ یہ ایپ چین اور سینٹرل ایشیائی ریاستوں میں زیادہ مقبول ہے۔ اس کے علاوہ زوم اور سکائپ گروپ میٹنگز اور گروپ چیٹ کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

شیئر: