ہموطن کے قاتل سعودی اور سعودی کے قاتل سوڈانی کو سزائے موت
جمعرات 18 مارچ 2021 20:27
سعودی شہری کو ریاض میں سزائے موت دے دی گئی- (فوٹو المرصد)
سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ہموطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کو ریاض شہر میں سزائے موت دے دی گئی-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مقامی شہری یاسر بن محمد مجرشی نے اپنے ہموطن وحید بن محمد خبرانی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا-
یاسر واردات کرکے فرار ہوگیا تھا- گرفتاری پر پوچھ گچھ کے بعد فرد جرم عائد کردی گئی- فوجداری عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر اسے جان کے بدلے جان کے اسلامی قانون کے مطابق قصاص کی سزا سنادی تھی- اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے اس کی توثیق کردی تھی آخر میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا شاہی فرمان بھی جاری ہوگیا تھا-
وزارت داخلہ نے ایک اور بیان جاری کرکے بتایا کہ ایک سوڈانی شہری کو سعودی شہری کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر طائف شہر میں موت کی سزا دے دی گئی-
تفصیلات کے مطابق سوڈانی شہری خالد الامین طہ نے سعودی شہری حماد السفیانی کو ہاتھ پیر باندھ کر گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا- خالد الامین واردات کرکے فرار ہوگیا تھا- فوجداری عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر اسے قصاص کی سزا کا حکم دے دیا تھا جس کی توثیق اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے کردی تھی اور آخر میں ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم بھی جاری ہوگیا تھا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں