قطر میں ورکر کی کم سے کم تنخواہ 43 ہزار پاکستانی روپے مقرر
آجر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ملازم کو رہائش اور کھانا فراہم کرے یا اس مد میں اضافی 800 ریال ادا کرے (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں تمام ورکرز کے لیے کم سے کم تنخواہ 275 ڈالر (تقریباً 43 ہزار پاکستانی روپے یا ہزار ریال) مقرر کردی گئی ہے۔
عرب نیوز نے قطر کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کم سے کم اُجرت کا اطلاق 30 اگست سے تمام نئے ہونے والے معاہدوں اور موجودہ تمام معاہدوں پر بھی ہوگا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق تمام کارکنوں بشمول مقامی سٹاف کے کو مکمل کام کی ماہانہ تنخواہ 1000 ریال (275 ڈالر) فی گھنٹہ 1.30 ڈالر (تقریباً 203 پاکستانی روپے) ادا کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ آجر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ملازم کو رہائش اور کھانا فراہم کرے یا خوراک اور رہائش کی مد میں اضافی 800 ریال ادا کرے۔
اس سے قبل عارضی طور پر کم سے کم ماہانہ تنخواہ 750 ریال (32 ہزار 136 پاکستانی روپے) مقرر تھی۔
قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی نے وزارت محنت کے حوالے سے بتایا کہ ’نئی تنخواہ پر عمل درآمد کا آغاز سنیچر سے کیا جا رہا ہے۔‘
وزارت محنت کے مطابق ’ان تبدیلیوں سے مقامی معیشت میں نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ اقتصادی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔‘