Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز دوسرے دن بھی 500 سے زیادہ

زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 226 ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا  کے نئے کیسز سنیچر کو دوسرے دن بھی 500 سے زیادہ سامنے آئے ہیں جبکہ ایکٹیو کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’ سینچر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 502 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 355 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 6 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ  ہزار 643 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد چار ہزار 593 ہو گئی ہے جن میں سے 635 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 226 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 94 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
الشرقیہ ریجن میں 86، القصیم ریجن میں 25، مدینہ منورہ ریجن میں 23، جازان ریجن میں 10، عسیر اور تبوک ریجن میں نو، نو، الحدود الشمالیہ ریجن میں سات، نجران ریجن میں پانچ، حائل ریجن میں چار ، الجوف ریجن میں تین جبکہ الباحہ ریجن میں ایک  مریض سامنے آیا ہے۔
اب تک تین لاکھ 87 ہزار 794 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 76 ہزار 558 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘

شیئر: