اسلام آباد: کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر 13 افراد گرفتار
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
منگل کو ضلعی انتظامیہ نے 326 دکانوں کی چیکنگ کی اور چھ ہوٹلوں اور 11 دکانوں کو سیل کرتے ہوئے 42 ہزار روپے سے زائد جرمانہ بھی کیا۔
ضلعی حکام نے 28 شادی ہالوں کی چیکنگ بھی کی اور خلاف ورزی پر 15 ہزار پر جرمانہ بھی عائد کیا۔
اس کے علاوہ ایک سو 26 ریستورانوں کی بھی چیکنگ کی گئی جن میں سے سات کو سیل کرتے ہوئے 43 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ضلعی حکام نے زائد قیمتیں وصول کرنے پر 179 دکانوں کی چیکنگ کی اور چھ دکانوں کو سیل کر کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
اس کے علاوہ زائد قیمتیں وصول کرنے پر 31 ہزار روپے سے زائد جرمانہ بھی کیا گیا۔
حکام کے مطابق 110 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سات گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 48 ہزار سے زائد ہے۔