’وزیراعظم عمران خان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے‘
طاہر اشرفی نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب اور امارات میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے‘ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان جلد مملکتِ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔‘
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ’حکومت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے۔‘
’کویت کے لیے ویزوں کاسلسلہ شروع ہونے والا ہے جبکہ متحدہ عرب امارت کے پاکستان میں سفیر نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے ویزوں پر کام کا آغاز ہو گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ پانچ ماہ میں عرب دنیا سے پاکستان کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فون رابطے میں بہت سے امور پر بات چیت ہوئی ہے۔‘
’پاکستان نے سعودی حکومت کے گرین انیشیٹیو کو سراہا ہے اور مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ وزیراعظم خود بھی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔‘
طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے ماحولیاتی منصوبے دنیا کے لیے تحفہ ہیں۔پاکستان امت مسلمہ کی وحدت چاہتا ہے اور یوم پاکستان کی پریڈ میں پوری امت کو جمع کیا گیا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’رمضان کے دوران پاکستان میں مساجد کھلی رہیں گی۔ ایس او پیز کے ساتھ تراویح بھی ہوں گی۔‘
کورونا ویکسین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’علما نے فتویٰ دیا ہے کہ یہ ویکسین لگوائی جائے۔ کورونا ویکسین نہ لگوانا جہالت ہے۔‘