ثنا خان کو برج خلیفہ میں ’سونے کی پرت والی کافی کا سرپرائز‘
جمعرات 1 اپریل 2021 18:11
ثنا خان نے انڈیا کے مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ سیزن چھ میں شرکت کی تھی (فوٹو: انسٹاگرام ثنا خان)
شوبز کو خیرباد کہنے والی انڈین اداکارہ ثنا خان کو شوہر انس سید سے ایک حیرت انگیز سرپرائز ملا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ثنا خان نے اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ برج خلیفہ کی 122 ویں منزل میں چائے کا کپ پکڑے بیٹھی ہیں۔ اس تصویر کی خاص بات یہ ہے کہ ان کے ہاتھ میں سونے کا کپ ہے۔
برج خلیفہ کی 122 ویں منزل پر موجود ریستوران دنیا کا سب سے اونچا ریستوران ہے۔ اونچائی پر موجود اس ریستوران میں بیٹھے ہوئے اداکارہ ثنا خان کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے سونے کی پیالی میں کافی کے گھونٹ لے رہی ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’جب آپ کے شوہر آپ کو برج خلیفہ کے ریستوران میں بہترین ناشتے کا تحفہ دیں ’گولڈ پلیٹڈ کافی۔‘
ثنا خان انڈیا کے مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ سیزن چھ کا حصہ رہیں، جہاں وہ شو کی رنر اپ رہی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
اداکار سلمان خان کے ساتھ انہوں نے فلم ’جے ہو‘ میں ولن ڈینی ڈینزونگپا کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔ دوسری جانب ان کے شوہر انس سید نے برج خلیفہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی خوب صورت بیگم کے ساتھ ناشتہ اور یہ دلکش خوب صورت مناظر بہترین تجربہ ہے۔‘
ثنا خان اپنے شوہر انس صیاد کے ساتھ منفرد ناشتوں اور کافی کی تصویریں اکثر انسٹاگرام پر شئیر کرتی رہتی ہیں۔