Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوبز چھوڑنے والی بالی وڈ اداکارہ ثنا خان کی ’عالم دین سے شادی‘

'۔۔۔کسی لڑکی نے ان کی ویڈیو بنالی اور وہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس پر ثنا خان کافی رنجیدہ ہیں۔' فوٹو: انسٹاگرام
بالی وڈ اداکارہ ثنا خان جنہوں نے حال ہی میں شوبز کو خیرباد کہا تھا نے مبینہ طور پر جمعے کی شب مغربی ریاست گجرات میں مفتی انس نامی ایک عالم دین سے شادی کر لی۔
گوکہ ثنا خان کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن انڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے مبینہ شوہر کے ساتھ زینے سے اتر رہی ہیں اور ایک میں نکاح مبارک کا کیک کاٹ رہی ہیں۔
انڈیا کے معروف عالم دین مولانا کلیم صدیقی کی ایک آڈیو واٹس ایپ پر موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے اس نکاح کا ذکر کیا ہے کہ وہ پوری طرح سنت کی پیروی میں ہوا ہے۔
آڈیو کے مطابق 'نکاح میں موبائل سے ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں تھی لیکن جب وہ زینے سے نیچے اتر رہی تھیں تو کسی لڑکی نے ان کی ویڈیو بنالی اور وہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس پر ثنا خان کافی رنجیدہ ہیں۔'
انڈین میڈیا میں بھی ثنا خان کی شادی سے متعلق خبریں اسی وائرل ویڈیو کے حوالے سے چلائی جا رہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ثنا خان کی شادی پر مباحثہ جاری ہے۔
ثنا خان نے انڈیا کے معروف ریئلٹی شو 'بگ باس' سیزن چھ میں شرکت کی تھی جہاں وہ شو کی رنر اپ رہی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ اداکار سلمان خان کے ساتھ انہوں نے فلم 'جے ہو' میں ولن ڈینی ڈینگزو پا کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔
گذشتہ دنوں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا 'آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ اپنی شوبز (فلم انڈسٹری) کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں۔'
ثنا خان کی شادی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے۔ بہت سے لوگ انہیں ان کا ماضی یاد دلا رہے ہیں تو بہت سے لوگ انہیں نئی زندگی پر مبارکباد دے رہے ہیں۔

شیئر: