Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوانوں کی اخلاق سوز وڈیو بنا کر لوٹنے والے گروہ سے پوچھ گچھ

 جرائم پیشہ عناصر کے ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے(فوٹو الشرق الاوسط)
 سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ترغیب کے ذریعے نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسا رہے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے گروہ سے پوچھ گچھ مکمل کرلی گئی جس میں کئی حقائق سامنے آئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان سوشل میڈیا پر اخلاق سوز سرگرمیوں کی تشہیر کررہے تھے۔
 ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ نوجوانوں کو اپنے ٹھکانے پر بلا کر قابل اعتراض تصاویر اور وڈیو بناتے اور پھر نقدی اور قیمتی اشیا  لوٹ لیتے تھے۔
متا ثرہ نوجوانو ں کو زبان کھولنے پر تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔ 
 بیان میں کہا گیا کہ ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران الزامات تسلیم کرلیے۔ اقبال جرم کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں انہیں سزا دلانے کے  لیے قانونی کارروائی ہوگی۔ 
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ  متعلقہ اداروں کے تعاون سے مذہبی اقدار اور سماجی آداب کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کو فوجداری قانون کے تحت سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔ 

شیئر: