آئل ٹینکر کا انجن بند، نہرِ سویز میں ٹریفک ایک بار پھر معطل
نہر سویز میں آئل ٹینکر اچانک بند ہو جانے سے ٹریفک مختصر وقت کے لے معطل رہی (فوٹو: روئٹرز)
دنیا کی اہم آبی گزرگاہ نہر سویز میں سمندری ٹریفک اس وقت کچھ دیر کے لیے معطل ہو گئی جب ایک آئل ٹینکر کا انجن بند ہو گیا۔
عرب نیوز نے بلومبرگ کے حوالے سے بتایا کہ ’منگل کو سویز کینال میں بحری جہازوں کی آمد و رفت مختصر وقت کے لیے رک گئی جس کی وجہ ایک آئل ٹینکر کا بند ہو جانا تھا۔‘
انچکیپ شپنگ سروس کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق آئل ٹینکر رمفورڈ کے اچانک بند ہو جانے کے بعد نہر سویز میں ٹک بوٹس نے اس کو کھینچ کر آگے لے جانے کی کوشش کی اور اس دوران یہ دوبارہ سٹارٹ ہو گیا۔
یہ واقعہ نہر سویز میں ایور گِون بحری جہاز کے پھنسنے کے دو ہفتے بعد پیش آیا۔
دیوہیکل مال بردار بحری جہاز ایورگِون کے پھنس جانے سے دو سمندروں کو ملانے والی اہم آبی گزرگاہ دو ہفتے تک بند رہی تھی اور عالمی تجارت اور مال برداری کے شعبے کو بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سویز کینال دنیا کی سمندری تجارت کے 12 فیصد کی گزرگاہ ہے اور یہ یورپ کو ایشیا سے ملانے والا اہم تجارتی راستہ ہے۔
سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے روئٹرز کو بتایا کہ ’اس اہم گزرگاہ کے جنوبی حصے کی چوڑائی کا منصوبہ اس وقت جاری ہے۔‘
اسامہ ربیع نے کہا کہ ’ان کی اتھارٹی ایسی کرین خریدنے کے لیے بھی کوشش کر رہی ہے جو اڑھائی سو میٹر بلندی سے کارگو کو آف لوڈ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو تاکہ مستقبل میں کسی ایسی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا طریقہ کار بہت بہتر ہے اور مقصد اپنی سروس کو مزید مؤثر بنانا ہے۔‘