Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی خصوصی پروازیں، مزید سفری پابندیاں اور امتحانات کی تاریخ سمیت پاکستان سے ہفتے بھر کی اہم خبریں

برطانیہ کی پروازیں اور امتحانات کی تاریخیں پاکستان میں خبروں کے اہم موضوعات رہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں ہفتہ رفتہ کے دوران پی آئی اے کے لیے برطانیہ کی پروازوں سمیت مسلح افواد کو بدنام کرنے پر سزا کا بل اور بورڈز امتحانات کی تاریخیں اہم موضوعات رہے۔
اسی دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے دوست ممالک سے بات چیت کا بیان دیا تو وہ بھی خصوصی دلچسپی سے دیکھا گیا۔
پاکستان کی جانب سے 22 ملکوں پر عائد سفری پابندیوں کی مدت میں توسیع، پاکستانی پارلیمانی وفد کی افغان فضائی حدود سے واپسی اور جہانگیر ترین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات خاص توجہ کا مرکز رہیں۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے باعث سفری پابندیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کی جزوی بندش کی اطلاع کو ملنے والی توجہ اسے بھی اہم موضوعات کی فہرست میں شامل کر گئی۔
’دوست ممالک سے بات ہو رہی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی یقین رکھیں کہ ہم ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ویزوں کے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے بات کر چکا ہوں اور دوبارہ بھی کروں گا۔‘ 
اتوار کو براہ راست ٹیلی فون کالز کے دوران ایبٹ آباد سے ایک شہری کے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’کورونا سے پوری دنیا میں مشکلات آئی ہیں۔ کورونا کی وجہ سے سفری پابندیاں لگیں اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں نے پابندیاں لگائیں کیونکہ وہاں بھی صورت حال خراب ہوئی۔‘ 
عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت مہنگائی پر قابو پا کر رہے گی اور شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے دوست ممالک سے بات ہو رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان سے برطانیہ واپسی پر ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی شروع
برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ’ریڈ لسٹ‘ میں شامل کرنے کے بعد مسافروں کے لیے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی کا اطلاق پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی صبح آٹھ بجے سے شروع ہو گیا۔ اب پاکستان سے صرف ان افراد کو برطانیہ سفر کرنے کی اجازت ہوگی جو برطانوی یا آئرش شہری ہیں، یا پھر ان کے پاس برطانیہ میں رہائش کے حقوق ہیں۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

 پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے درجن بھر سے زائد خصوصی پروازیں چلائیں (فوٹو: ایوی ایشن سٹاک)

’19 اپریل سے نویں تا بارہویں کلاسز بحال‘
پاکستان میں 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت تک کلاسیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سےآٹھویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی۔
منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 28 اپریل تک پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسیں نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت تک سخت ایس او پیز کے ساتھ کلاسیں بحال ہوں گی اور امتحانات بھی ہوں گے۔ 
وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ مقررہ تاریخ کے مطابق ہوں گے۔‘
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

کورونا کی وجہ سے پاکستان میں تعلیمی ادارے بند ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)

مسلح افواج کو بدنام کرنے پر سزا کا بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی سے منظور
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نئے مسودہ قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت پاکستان کی مسلح افواج یا ان کے کسی رکن کو بدنام کرنے والے فرد کو دو سال قید یا پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی طرف سے منظور کیے گئے مسودہ بل کے ذریعے تعزیرات پاکستان میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔ ’کریمینل لا (ترمیمی) ایکٹ بل 2020‘ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر گذشتہ سال پیش کیا تھا۔
خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں

مسلح افواج کو بدنام کرنے والے کو جرمانہ اور قید ہو سکے گی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان: 22 ممالک پر سفری پابندیوں کی مدت میں 20 اپریل تک توسیع
پاکستان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا جس کے تحت ان ممالک کی فہرست میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں سے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی ہے۔
اتوار کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کٹیگری سی میں 22 ممالک شامل ہیں اور ان ممالک پر سفری پابندیوں کی مدت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

کورونا سے زیادہ متاثرہ ممالک سے سفر پر پابندیاں عائد کر رکھی گئی ہیں

پاکستانی پارلیمانی وفد افغان فضائی حدود سے واپس
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سیکورٹی صورتحال خراب ہونے پر پاکستان کے پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان منسوخ کر دیا گیا ہے۔
وفد کے ہمراہ جانے والے پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کا طیارہ ابھی کابل میں حامد کرزئی ایئر پورٹ پر لینڈ ہی کرنے والا تھا کہ اطلاع دی گئی کہ سکیورٹی کی وجہ سے ایئرپورٹ بند کر دیا گیا ہے۔ جس پر طیارہ واپس ہوا میں بلند ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا پارلیمانی وفد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں کابل جا رہا تھا اور اس میں دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔
یہ دورہ افغانستان کے سپیکر ولسی جرگے (مجلس نمائندگان) کی دعوت پر ہو رہا تھا۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

وفد سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں افغانستان گیا تھا (فوٹو: پی آئی ڈی)

کیا جہانگیر ترین پیپلز پارٹی میں شامل ہونے جا رہے ہیں؟
پیپلز پارٹی کی رہنما اور صوبائی وزیر سندھ سیدہ شہلا رضا نے بتایا کہ ’تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب جہانگیر ترین نے میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کے خلاف میڈیا پر مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔‘
شہلا رضا نے منگل کو ایک ٹویٹ میں اس بات کا گمان ظاہر کیا کہ شاید جہانگیر ترین اس موقع پیپلز پارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کر دیں۔‘
جہانگیر ترین کی مخدوم احمد محمود سے ملاقات ہوئی ہے جس کے تناظر میں شہلا رضا نے یہ بیان دیا۔ واضح رہے کہ مخدوم احمد نہ صرف جے ڈبلیو ڈی شوگر ملز کے چیئرمین ہیں بلکہ وہ جہانگیر ترین کے بہنوئی بھی ہیں، اور فنکشنل مسلم لیگ کے ٹکٹ پر رحیم یار خان سے ممبر پنجاب اسمبلی بھی منتخب ہو چکے ہیں۔
خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں
کورونا کی شدت میں اضافہ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار بند رہے گی
پاکستان میں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 10 سے 25 اپریک تک بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہفتہ اتوار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
اتوار کو این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال اور صوبوں کی تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھی جائے گی۔ 

حکام کے مطابق سفری پابندیوں کا مقصد وبا پر قابو پانا ہے (فوٹو: عبدالخالق ٹوئٹر)

بیان کے مطابق اس فیصلے کے تحت تجارتی سامان، میڈیکل اور دیگر ایمرجنسی سروسز کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ ریلوے سروسز کو 70 فیصد سواریوں کے ساتھ ہفتے میں ساتوں دن آپریشنز کی اجازت ہوگی۔
بیان کے مطابق اس پابندی کے حوالے سے 10 اپریل کو اجلاس میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا کہ اس میں توسیع کرنی ہے یا نہیں۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

مالم جبہ ریزورٹ بند کر دیا گیا
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے  سیاحتی مقام مالم جبہ میں واقع ریزورٹ کو انتظامیہ نے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔  انتظامیہ کا موقف ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے مینگورہ بینچ نے کمپنی کو انٹری فیس لینے سے روک دیا ہے جس وجہ سے کمپنی کے لیے مالی طور پر اس ریزورٹ کو چلانا ممکن نہیں رہا۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

شیئر: