کویت میں ٹیکس کا نیا نظام نافذ کرنے کی تیاری
ٹیکس سسٹم کے لیے غیرملکی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی( فوٹو ٹوئٹر)
کویت میں ٹیکس کا نیا مکمل نظام لاگو کیا جائے گا جو موجودہ نظام کی جگہ لے گا۔ بین الاقوامی ڈیجیٹل ٹیکس سسٹم کے تحت ٹیکس وصولی تیزی سے ہوگی۔
کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی حکام کا کہنا ہے کہ کویتی وزارت خزانہ آئی ٹی اے ایس الیکٹرانک خدمات اور ٹیکس کا جامع نظام اپنے یہاں نافذ کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ جلد نئے ٹیکس سسٹم کے نفاذ کے لیے ٹینڈر طلب کیے جائیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس سسٹم کے لیے غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ یہ ماہرین کویتی شہریوں کو ٹیکس کا نیا پروگرام سمجھائیں گے اوراس کی ٹریننگ دیں گے۔
کویتی حکام کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس سسٹم کے حوالے سے کویتی ماہرین کا تجربہ محدود ہے۔ اس مقصد کے لیے بیرونی ماہرین کی ضرورت پڑے گی۔
ایسے ماہرین کے تجربات حاصل کیے جائیں گے جو نئے ٹیکس سسٹم کو سمجھتے ہوں۔ یہ کویت میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹیکس سسٹم ہوگا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جامع ٹیکس سسٹم پر عمل درآمد کا دورانیہ تین برس مقرر کیا گیا ہے۔ آئندہ کویت میں بننے والے ٹیکس کے نئے قوانین یا موجودہ قوانین میں ترمیم کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
ٹیکس قوانین میں کویتی شہریوں یا مقیم غیرملکیوں یا کمپنیوں کے حوالے سے جو بھی نئے فیصلے ہوں گے یا موجودہ سسٹم میں کوئی تبدیلی ہوگی تو نیا سسٹم ان کا احاطہ کرے گا۔
کویت کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس سسٹم کو چلانے کا ٹھیکہ ٹینڈر کے تحت اس کمپنی کو دیا جائے گا جسے براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق بھرپور معلومات ہوںاوراس کا مکمل تجربہ رکھتی ہو۔ اس بات کا اطمینان کرکے ہی کمپنی کا انتخاب ہوگا۔