جدہ میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر 105 دکانیں سیل
جدہ میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر 105 دکانیں سیل
منگل 13 اپریل 2021 14:38
بلدیہ کی ٹیموں نے چار ہزار سے زائد دورے کیے (فوٹو: ٹوئٹر)
جدہ میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر105 دکانیں سیل کر دی گئیں۔ تفتیشی ٹیموں میںوزارت صحت، بلدیہ، پولیس و دیگر اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بلدیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کمشنری کے 19 ریجنز میں بلدیہ کی ٹمیوں نے چار ہزار 655 تفتیشی دورے کیے، اس دوران کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے گئے۔
تفتیشی ٹیموں نے 202 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جبکہ 105 دکانوں کو سیل کیا گیا، جہاں سنگین نوعیت کی خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں، جن میں دکانوں میں سینیٹائزر، دستانے اور صارفین کے جسمانی درجہ حرارت کا چیک نہ کیا جانا شامل تھا۔
سب سے سنگین خلاف ورزی جس پر دکانوں کو نہ صرف سیل کیا جاتا ہے بلکہ مالکان کوجرمانہ بھی کیا جاتا ہے، وہ صارفین کے مابین سماجی فاصلہ نہ رکھنا ہوتا ہے۔
بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کے اصول کے مطابق سماجی فاصلے کا قانون انتہائی اہم ہے، جس پرعمل درآمد بے حد ضروری ہے کیونکہ کورونا وائرس انسان سے انسان میں فوری طورپرمنتقل ہوتا ہے اور نظام تنفس پر حملہ آور ہوتا ہے اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہر تھوڑی دیر بعد ہاتھوں کو صابن سے دھویا جائے یا سینیٹائزر کا استعمال کرتے رہیں تاکہ ہاتھوں پر لگنے والے جراثیم کا خاتمہ ہو سکے۔