66 لاکھ 24 ہزار افراد نے کورونا ویکسین لگوا لی
جمعرات کو 56 ہزار 800 سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں- (فوٹو وزارت صحت)
سعودی عرب میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا ویکسین کی 66 لاکھ 24 ہزار 629 خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
وزارت صحت نے مقامی اور غیرملکیوں کو دوسری خوراک بعد میں دینے کے حوالے جمعرات کو ایس ایم ایس ارسال کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مزید 56 ہزار 800 سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے کورونا ویکسین کا پہلا مرحلہ 17 دسمبر 2020 کو شروع کیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 18 فروری 2021 کو کیا گیا۔ نئے مرحلے میں سعودی عرب کے تمام علاقوں میں 600 کے لگ بھگ ویکسین سینٹر میں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مفت ویکسین دی جارہی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کی تاریخیں ملتوی کردی ہیں اور جمعرات کو سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے موبائلز پر ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی گئی۔
وزارت صحت نے جو پیغامات ارسال کیے ہیں ان کے مطابق ’کورونا ویکسین کی دوسری تاریخ ملتوی کردی گئی ہے نئی تاریخ کا تعین بعد میں ہوگا۔یہ فیصلہ سعودی عرب میں موجود مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بڑے پیمانے پر پہلی خوراک فراہم کرنے، صحت عامہ کے تحفظ، معاشرے کو نئے کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے اور معمول کی زندگی بحال کرنے کی خاطر کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں