Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قومی ہیرو‘ فرمان علی خان سمیت پاکستانی شخصیات سے منسوب اہم شاہراہیں

اہم شاہراہوں کے نام بانی پاکستان اور مفکرپاکستان کے ناموں پر رکھے گئے۔ (فوٹو الیوم)
سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہی ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کی ایک مثال سعودی دار الحکومت ریاض کے علاوہ جدہ میں بھی دیکھنے کو ملتی ہے جہاں اہم شاہراہوں کے نام بانی پاکستان اور مفکرپاکستان کے ناموں پر رکھے گئے۔ 
ریاض کے علاقے ’غرناطہ ‘ میں ایک طویل شاہراہ ہے جسے ’شارع محمد علی جناح‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس طویل شاہراہ کو بابائے قوم سے منسوب کرنے سے پاکستان کی اہمیت اور مملکت کے قائدین وعوام کے دلوں میں ’پاکستان‘کی چاہت واضح طور پر منعکس ہوتی ہے۔ 
ریاض میں شاہراہ حائل کے عقب میں ایک اور شاہراہ ہے جسے مفکر پاکستان کے نام سے موسوم کرتے ہوئے اسے ’شارع محمد اقبال ‘ کہا جاتا ہے۔ 
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے نام سے مصر کے شہر الاسکندریہ میں بھی شاہراہ ہے جسے ’شارع محمد اقبال‘ کہا جاتا ہے ۔  
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے دارالحکومت ’اسلام آباد‘ کے نام سے بھی ایک شارع ہے جس کے بورڈ دیکھ کر ہر پاکستانی کو اسلام آباد کی یاد آ جاتی ہے۔
اہل جدہ ہی نہیں بلکہ سعودی عرب کا ہرباشعور فرد 7 دسمبر 2009 کے دن کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے جب جدہ میں طوفانی بارش کی وجہ سے آدھا شہر زیر آب آگیا تھا ۔
ایسے میں وادی سوات کے ایک جوان نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے 14 افراد کو تیز رو برساتی ریلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فرمان علی خان تیزرو برساتی پانی کی پروا نہ کرتے ہوئے 15ویں شخص کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے کہ کہ وہ خود بھی اس ریلے میں بہہ گئے۔ 
سعودی حکومت کی جانب سے فرمان علی خان کو قومی ہیرو کا درجہ دیا گیا اور اسے مملکت کا آعلی ترین سول ایوارڈ ’شاہ عبدالعزیز میڈل درجہ اول‘ دیا گیا۔ 
ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر فرمان علی خان کی خدمات کے اعتراف میں خیبر پختون خواہ میں وادی سوات میں صحت مرکز کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ 
جدہ کے علاقے ’قویزہ‘ کی اہم شاہراہ جہاں وادی سوات کا یہ جوان تیز وتند سیلابی ریلے سے لوگوں کو بچاتے ہوئے خود بھی اس کی نذر ہوگیا تھا کو’شارع فرمان علی‘ کا نام دیا گیا۔  
اہل جدہ کے لیے فرمان علی خان ایک ہیرو ہے۔جب بھی فرمان علی کا نام آتا ہے جدہ کے لوگ اس کی عظمت اور بہادری کی مثال دیتے ہیں ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں ’ بطل باکستانی فرمان علی خان‘۔  

شیئر: