Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عامر لیاقت سیاست چھوڑ دیں، میمز کا پیج شروع کر لیں‘

عامر لیاقت حسین تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ فوٹو عامر لیاقت انسٹا
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین پاکستان کے نجی ٹی وی جینلز پر اپنے منفرد انداز میں پروگرام کا حصہ بننے کی وجہ سے خاصے مشہور ہیں۔
رمضان ٹرانسمیشن ہو یا جیتو پاکستان عامر لیاقت حسین ناظرین کو اپنے منفرد انداز سے متوجہ کیے رکھتے ہیں۔ لیکن اس بار انہوں نے کچھ ایسا کر دکھایا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے نام سے ٹرینڈ چلایا جا رہا ہے۔
عامر لیاقت کی ایک نجی ٹیلی ویژن پر رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں جس میں وہ ڈانس کرتے اور پروگرام کے سیٹ پر بھاگتے دوڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایک کلپ میں عامر لیاقت ڈانس کرتے کرتے زمین پر لیٹ جاتے ہیں اور ناگن کے انداز میں پھن مارتے دکھائی دیتے ہیں۔
جب کہ  دوسرے کلپ میں وہ پروگرام کے سیٹ پر ایک کونے سے دوسرے کونے دوڑ لگاتے ہوئے نظر آتے ہیں اور دوڑ مکمل کرتے ہی زمین پر گر پڑتے ہیں۔
پرواگرام کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین نے اس پر دلچسپ  تبصرے کیے۔
ویڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف شہزاد لکھتے ہیں کہ ’سکرینز پر اصل ٹیلنٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، شکریہ عامر لیاقت آپ نے انہیں غلط ثابت کر دیا۔‘
صارف اِفی ویوز نے عامر لیاقت کے بارے میں لکھا کہ یہ رکن قومی اسمبلی ہیں اور دنیا کی 500 با اثر شخصیات میں سے ایک ہیں، پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں۔
محمد حنظلہ نے لکھا کہ ’عامر لیاقت آپ ایک خالصتاً آل راونڈر ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو سے جہاں صارفین لطف اندوز ہو رہے ہیں وہیں چند عامر لیاقت کے پروگرام میں برتاؤ پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔
صارف فاطمہ نے عامر لیاقت کے رویے کو شرمناک قرار دے دی۔
عمر وقاص نے کہا، ’عامر لیاقت یو بیوٹی! میں آپ کو مشورہ دیتا ہوں آپ سیاست چھوڑ دیں اور ایک ’میم‘ پیج شروع کر لیں۔‘
عامر لیاقت اپنے منفرد انداز کے باعث اکثر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔

شیئر: