Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر بلال اکبر نے چارج سنبھال لیا

لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی دفتر خارجہ کے پروٹوکول چیف مشاری بن الی بن نہیت کو اپنی اسناد جمع کروائیں (فوٹو: دفتر خارجہ)
لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی دفتر خارجہ کے پروٹوکول چیف مشاری بن الی بن نہیت سے ملاقات کی اور اپنی اسناد سفارت جمع کروا دیں۔
22 اپریل کو سعودی عرب میں پاکستان سابق سفیر راجہ علی اعجاز نے عہدہ چھوڑا تھا اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کو سفیر نامزد کیا گیا تھا۔
سعودی عرب میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نئے سفیر جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔
اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے انھیں کرنل کمانڈنٹ آف مجاہد فورس بھی تعینات کیا۔
سنہ 2016 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انھیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔
سنہ2014  میں جب وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا اور رینجرز کو خصوص اختیارات دیے تو اس وقت بلال اکبر میجر جنرل تھے۔ انھیں اس وقت ڈی جی رینجرز تعینات کر کے کراچی بھیجا گیا۔
ان کی قیادت میں رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ لاہور میں 11 ویں ڈویژن میں بطور جی او سی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

شیئر: