سعودی عرب میں جدہ سیکیورٹی فورسز نے ٹرک کے ذریعے سگریٹ کے ایک لاکھ 7 ہزار پیکٹ سمگل کرنے والے دو ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ سگریٹ کے ایسے پیکٹ سمگل کررہے تھے جن پر سعودی عرب میں پابندی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ پولیس نے بتایا کہ ٹرک کے ذریعے سگریٹ کے جو پیکٹ سمگل کیے جارہے تھے ان میں موجود تمباکو کی درآمد ممنوع ہے جبکہ ٹرک اس قسم کے سامان کے بجائے کیمیکل مواد کی منتقلی کے لیے مخصوص تھا۔
جدہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں سمگلر جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان کے قبضے سے ایک لاکھ 7 ہزار سے زیادہ سگریٹ کے پیکٹ اور 330 کلو خام تمباکو برآمد ہوا ہے۔ ملزمان نے اقبال جرم کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جلد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔