’عید الفطر پر 20 سے زیادہ افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں‘
عید الفطر کی نماز میں حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کی جائے۔ ( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ عید الفطر کے دوران 20 سے زیادہ افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی تقریب میں جمع ہونے والوں کی انتہائی حد 20 ہوگی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی نے اتوار کو پریس کانفرنس میں اس امر پر زور دیا کہ عید الفطر کی نماز ادا کرتے وقت حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کی جائے۔
ترجمان نے کہا کہ بعض لوگوں کی لاپروائی پورے معاشرے کو نئے کورونا وائرس کے خطرات سے دوچار کردے گی۔ عید کے موقع پر ویکسین یافتہ اور ویکسین نہ لگوا سکنے والے کسی بھی تقریب میں شرکت کے موقع پر حفاظتی تدابیر سے لاپروائی نہ برتیں۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ عید الفطر پر اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ بیس افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ اس سال عید کے تہوار کی خوشیاں کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ منائی جائیں۔