Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی حملے: غزہ میں عید کی تیاریاں رک گئیں

گلیاں سنسان، دکانیں بند اور لوگ گھروں تک محدود ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ کی پٹی دھماکوں سے اس وقت گونج اٹھی جب منگل کے روز اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں شدت آئی۔
عرب نیوز کے مطابق شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پیر سے غزہ میں 35 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں بچے  بھی شامل ہیں، زیادہ تر ہلاکتیں اسرائیل کے فضائی حملوں میں ہوئیں۔
اس صورت حال کی وجہ سے عید کی تیاریاں رک گئی ہیں، گلیاں سنسان اور دکانیں بند ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہیں۔
حماس کے ترجمان فوازی برہوم کا کہنا ہے کہ ’جب تک ہمارے لوگوں کے خلاف صہیونی جارحیت جاری رہے گی، فلسطینی عوام خصوصاً حماس قابض قوت کے خلاف حالت جنگ میں رہے گی، جس نے یروشلم، الاقصٰی اور غزہ کی پٹی کو اپنے جرائم اور خلاف ورزیوں کا ہدف بنایا۔‘
اسرائیل کے جنگی جہازوں نے غزہ کے درجنوں مقامات پر حملے کیے جن میں گھروں اور کھیتوں کے علاوہ حماس اور اسلامک جہاد کے تربیتی مراکز بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نین یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم فوجی کارروائی کے درمیان میں ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں حماس، اسلامک جہاد کے اہداف پر حملے کر رہی ہیں۔‘
حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دشمن نے ایک ہدف پر بمباری کی جہاں ہمارے مجاہدین اس جارحیت کو پسپا کرنے کے لیے موجود تھے، ہمارے کچھ لوگ شہید اور کچھ لاپتہ ہوئے ہیں، غزہ کے رہنے والوں نے دہشت اور بماری کی لمبی رات برداشت کی، کچھ لوگوں نے گھر اور کچھ نے اپنے پیارے کھو دیے ہیں۔‘
غزہ کے الشفا ہسپتال میں موجود 57 سالہ راشد السید نے عرب نیوز کو بتایا کہ ان کے گھر کی چھت ان کے گھر والوں کے اوپر منہدم ہو گئی ہے، جب وہ صبح کی نماز کے بعد سونے لگے تھے۔

عینی شاہدین کے مطاابق اسرائیلی طیاروں نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایک سخت رات تھی، ہم سو نہیں سکے اور جب ہم نے سونے کا فیصلہ کیا، چھت ہمارے اوپر گر گئی، اسرائیلی طیاروں اس عمارت کو نشانہ بنایا جس میں ہمارا اپارٹمنٹ ہے۔‘
السید معمولی زخمی ہوئے تاہم ان کے بڑے بیٹے 23 سالہ احمد بری طرح زخمی ہوئے اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں۔
ایک عینی شاہدین نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’اسرائیلی طیاروں نے ایک عمارت کی ساتویں منزل پر صبح ساڑھے چار بجے چار میزائل داغے، جس سے ایک خاتون اور ان کا بیٹا ہلاک ہوئے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔‘

شیئر: