کورونا خلاف ورزیوں پر 72 خواتین سمیت 250 افراد پر جرمانے
کورونا خلاف ورزیوں پر 72 خواتین سمیت 250 افراد پر جرمانے
منگل 18 مئی 2021 11:47
شادی کی تقریب میں مہمانوں سمیت میزبان پربھی جرمانہ لگایا گیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا ایس ای پیز کی خلاف ورزی کرنے والے250 سے زائد افراد پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران معاشرتی فاصلہ رکھنے کا قانون توڑنے پر مہمانوں اور میزبان سمیت 72 خواتین پر بھی جرمانہ لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل چوتھے دن بھی ایک ہزار سے نیچے رہی ہے۔
گذشتہ روز پیر کو مملکت میں 886 نئے کورونا کیسز درج ہوئے ہیں۔ اس وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے اب تک سعودی عرب میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 33 ہزار 980 افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔
دریں اثنا گذشتہ روز کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار127 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی کل تعداد چار لاکھ 18 ہزار 914 ہوگئی ہے۔
سعودی عرب میں اس وبائی مرض سے صحت مند ہونے والے افراد کی شرح بڑھ کر 96.5 فیصد ہوگئی ہے، جس سے وبائی مرض میں اہم کمی واقع ہوئی ہے۔
گذشتہ روز کے اعداد وشمار کے مطابق یہاں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد سات ہزار892 ہے ان میں سے 1377 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہیں جنہیں ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں رکھا گیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں تشویشناک حالت میں جانے والوں کی تعداد میں صرف ایک مریض کا اضافہ ہوا ہے۔
اس کے ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں ریاض ریجن میں سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں ان کی تعداد281 ہے جب کہ مکہ مکرمہ ریجن سے 250 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اسی طرح کوویڈ 19 کے باعث 12 مزید ہلاکتوں کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے باعث وفات پانے والے کل افراد کی تعداد سات ہزار 174 ہو گئی ہے۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا ویکسین کی 11.7 ملین خوراکیں مریضوں کو مہیا کی گئی ہیں اس طرح ویکسین کی یہ شرح 33.5 فی صدکے قریب ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب میں موجود 34.8 ملین افراد میں سے 33.6 فیصد افراد کو کم از کم ایک ٹیکہ لگا دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزارت اسلامی امور نے مملکت کے چھ علاقوں میں نمازیوں میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد مزید 9 مساجد کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے مملکت بھر میں اب تک 1210 مساجد کوعارضی طور پر بند کیا گیا تھا جس کے بعد 1188 مساجد کو مکمل طور پر جراثیم کش ادویہ کے سپرے اور صفائی ستھرائی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں