’ 25 سے زیادہ سگریٹ کے پیکٹ لانے پر کسٹم فارم جمع کرائیں‘
ممنوعہ یا مقررہ حد سے زیادہ سامان ضبط کیے جانے کے علاوہ لانے والے کو جرمانہ بھی کیا جائے گا ( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب آنے والے 25 سے زیادہ سگریٹ کے پیکٹ لائیں تو کسٹم فارم جمع کرائیں۔‘
محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس و کسٹم اتھارٹی (زاتکا) نے سعودی عرب آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی ہے کہ اگر ان کے پاس 25 سے زیادہ سگریٹ کے پیکٹ ہوں تو انہیں اس سے متعلق کسٹم فارم جمع کرانا ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس و کسٹم نے سعودی عرب آنے والوں سے کہا ہے کہ ’اگر وہ اپنے ہمراہ تین ہزار ریال سے زیادہ مالیت کے تحائف یا نجی سامان یا اتنی رقم کے مساوی غیرملکی کرنسی میں سامان لائے ہوں تو اس حوالے سے انہیں کسٹم فیس ادا کرنا ہوگی اور کسٹم فارم پر کرکے جمع کرانا ہوگا۔‘
محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس و کسٹم نے خبردار کیا کہ ’اگر کوئی مسافر ممنوعہ سامان لایا یا مقررہ حد سے زیادہ مالیت کا سامان لایا ہو اور اس نے کسٹم فارم جمع نہ کرایا ہو تو ایسی صورت میں نہ صرف سامان ضبط کرلیا جائے گا بلکہ کسٹم جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی محکمہ زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹم اتھارٹی نے مملکت آنے والے مسافروں کو مطلع کیا تھا کہ وہ خلیجی ممالک کے مشترکہ قوانین کے مطابق اپنی قیمتی اشیا کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع کریں۔
محکمہ کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ ’خلیجی ممالک کے مشترکہ کسٹم قوانین کے مطابق مملکت آنے والے مسافروں پرلازم ہے کہ وہ اپنے ساتھ لائی جانے والی ایسی اشیا جن کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہو، ان کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع کریں۔‘