سعودی عرب میں ریاض شہر کے البطحا محلے میں قانون کے منافی سرگرمیوں کے حوالے سے الاخباریہ چینل نے ایک رپورٹ نشر کی ہے۔
الاخباریہ چینل نے ویڈیو رپورٹ میں بتایا کہ ’البطحا محلہ غیر قانونی ترسیل زر، ہنڈی کے کاروبار، تمباکو فروشی اور مختلف خلاف قانون سرگرمیوں کا مبینہ طور پر ٹھکانہ بنا ہوا ہے‘۔

ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’یہاں صفائی کا معیار ناپید ہے، البتہ کھانے پینے کی اشیا سستے داموں فروخت ہوتی ہیں۔ یہاں تارکین وطن جگہ جگہ فرشی دکانیں بنائے ہوئے ہیں۔ گوشت اور مچھلی کی دکانوں پر حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ’غیر قانونی تارکین کچرے کے ڈبوں کے برابر میں دکانیں بنا کر سبزیاں فروخت کررہے ہیں جبکہ کیمرے کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے بھاگ جاتے ہیں۔‘

المرصد کے مطابق تارکین کے حلقوں میں معروف الوزارات محلے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ یہاں سماجی فاصلے کی کوئی پابندی نہیں کی جا رہی۔
ایک ایشین کارکن نے ٹی وی چینل کے نمائندے سے گفتگو میں کہا کہ ’یہاں نہ کھانا ہے اور نہ ہی پیسے ہیں، یہاں کورونا کا کوئی مریض نہیں۔‘
