Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سانس لینے میں دشواری‘، دلیپ کمار ممبئی کے ہسپتال میں داخل

دلیپ کمار کو گذشتہ مہینے بھی معمول کے چیک اپ کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا تھا (فوٹو: دلیپ کمار ٹوئٹر)
لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
اتوار کی صبح دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے مینیجر نے ٹویٹ کی کہ ’ دلیپ صاحب کو معمول کے ٹیسٹ اور معائنے کے لیے ہندوجا ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا ہے۔ ڈاکٹر نیتن گوکھالی کی سربراہی میں طبی عملے کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ براہ مہربانی انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے اور محفوظ رہیے۔‘
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق انڈین اداکار اس وقت کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر نیتن گوکھالی اور پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر پر مشتمل سینیئر ڈاکٹروں کی ٹیم کی زیر نگرانی ہیں، وہ ان کی حالت کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
98 سالہ اداکار کو گذشتہ مہینے بھی معمول کے چیک اپ کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور دو دن بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا تھا۔
گذشتہ سال مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے نفاذ سے پہلے دلیپ کمار نے بتایا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدبیر کو اپناتے ہوئے ’مکمل آئسولیشن اور قرنطینہ‘ میں ہیں۔

انڈین اداکار اس وقت کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر نیتن گوکھالی اور پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر پر مشتمل سینیئر ڈاکٹروں کی ٹیم کی زیر نگرانی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ’جتنا ہو سکے گھروں کے اندر رہیں۔‘
سائرہ بانو نے بھی لیجنڈری اداکار کی صحت کے حوالے سے ایک آڈیو میسیج شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’سب کچھ ٹھیک ہے، اللہ کا شکر ہے، آپ سب کی دعا ہے۔‘
دلیپ کمار کے بھائیوں 90 سالہ احسان خان اور 88 سالہ اسلم خان میں گذشتہ سال کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور انہییں علاج کے لیے ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں دونوں انتقال کر گئے تھے۔

شیئر: