Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست میزورم میں زیادہ بچوں والے والدین کے لیے ایک لاکھ روپے کا انعام

سنہ 2011 کے اعداد و شمار کے مطابق میزورم کی آبادی 10 لاکھ سے زائد ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی شمالی ریاست میزورم کے ایک وزیر نے اپنے حلقے میں زیادہ بچوں والے والدین کے لیے ایک لاکھ انڈین روپے کا اعلان کیا ہے تاکہ آبادی میں اضافے کو فروغ دیا جا سکے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق وزیر کھیل رابرٹ روماویا نے یہ نہیں بتایا کہ بچوں کی کم سے کم تعداد کیا ہونی چاہیے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انڈیا کی کچھ ریاستیں آبادی پر قابو پانے کی پالیسی کو فروغ دے رہی ہیں۔
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ وہ ایزاوہ ایسٹ-2 کے حلقے میں ہر اس مرد یا عورت کو ایک لاکھ روپے دیں گے جن کے سب سے زیادہ بچے ہوں گے۔
رابرٹ روماویا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انعام پانے والے کو ایک سرٹیفکیٹ اور ٹرافی بھی دی جائے گی۔‘
اس انعام کا خرچہ ایک تعمیراتی کنسلٹنسی فرم ادا کرے گی جس کے مالک وزیر کھیل کے بیٹے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میزو آبادی میں کمی اور بانجھ پن کی شرح تشویش ناک ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میزورم کے کئی شعبوں میں ترقی کے لیے آبادی میں اضافے کی ضرورت ہے۔ کم آبادی ایک تشویش ناک مسئلہ ہے اور میزو جیسی چھوٹی کمیونیٹیوں اور قبیلوں کی بقا کی راہ میں رکاوٹ ہے۔'

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ’میزو آبادی میں کمی اور بانجھ پن کی شرح ایک تشویش ناک بات ہے۔‘ (فوٹو: ان سپلیش)

ریاست میزورم میں کئی میزو قبیلے رہتے ہیں۔
وزیر کھیل کے بقول ’کچھ گرجا گھر اور ینگ میزو ایسوسی ایشن جیسی تنظیمیں آبادی میں اضافے کو فروغ دینے کی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔‘
سنہ 2011 کے اعداد و شمار کے مطابق میزورم کی آبادی 10 لاکھ 91 ہزار 14 تھی اور یہ ریاست تقریباً 21 ہزار 87 سکوائر کلومیٹر کے رقبے پر مشتمل ہے۔
میزورم میں فی سکوائر کلومیٹر 52 افراد رہتے ہیں اور یہ آروناچل ہردیش کے بعد انڈیا میں کم ترین آبادی والی ریاست ہے۔ انڈیا میں اوسط 382 افراد فی سکوائر کلومیٹر رہتے ہیں۔

شیئر: