یہ بین الاقوامی پارک 2025 میں مکمل ہوگا- (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں نیوم ڈیولپمنٹ کمپنی اور کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (کاوسٹ) بحراحمر کے جزیرہ شوشہ میں مونگوں کا سب سے بڑا عالمی پارک سو ہیکٹر کے رقبے میں قائم کریں گے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جزیرہ شوشہ کے اس پارک کا عربی نام ’حدیقۃ جزیرہ شوشہ المرجانیۃ‘ (جزیرہ شوشہ مونگا پارک) رکھا گیا ہے۔
یہ پارک مونگوں کی بستیوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اچھوتے حل پیش کرنے کے لیے عالمی مرکز کی حیثیت حاصل کر لے گا۔
مونگوں کا یہ بین الاقوامی پارک سنہ 2025 میں مکمل ہوگا- یہ نیوم میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ اس حوالے سے نیوم کو پوری دنیا میں ایک اورانفرادیت حاصل ہوگی۔
نیوم کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر نظمی النصر نے بتایا کہ ہم ماحول اور اس کے تمام تشکیلی عناصر کے تحفظ کے لیے جامع نظام کے مطابق کام کررہے ہیں۔
کاوسٹ کے چیئرمین ٹونی چن نے کہا کہ کاوسٹ بحیرہ احمر کے ماحولیاتی امور پر رہنما ریسرچ کیے ہوئے ہے۔ نیوم کے ساتھ یہ پروجیکٹ کاوسٹ کی تاریخ میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے عظیم ترین پروگراموں میں سے ایک ثابت ہوگا۔
بحیرہ احمر میں واقعہ جزیرہ شوشہ 300 سے زائد قسم کے مونگوں اور ایک ہزار قسم کی مچھلیوں کا مسکن ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں