فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز تعطل کا شکار، صارفین کو مشکلات کا سامنا
بعض صارفین کو فیس بک میسجنگ سروس میسنجر کے استعمال میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ (فوٹو: روئٹرز)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی سروسز ڈاؤن ہوگئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ڈاؤن ڈیٹکٹر ڈاٹ کام کے حوالے سے کہا ہے کہ سنیچر کو ہزاروں صارفین کو فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق بعض صارفین کو فیس بک میسجنگ سروس میسنجر کے استعمال میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈاؤن ڈیٹکٹر ڈاٹ کام صارفین کی جانب سے سروس کی عدم موجودگی کے حوالے سے سٹیٹس کو مانیٹر کرکے اور اپنے پلیٹ فارم پر صارفین کی جانب سے ایرر رپورٹ کی بنیاد پر سروس کے تعطل کو مانیٹر کرتی ہے۔
پاکستان میں فیس بک اور انسٹاگرام کے سروس میں کوئی تعطل ابھی تک رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
خیال رہے رواں سال مارچ میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کی ملکیتی ایپس واٹس ایپ اور انسٹاگرام اور فیس بک میسینجر سروسز 30 منٹ تک معطل ہوگئی تھیں۔
اس تعطل کے دوران کروڑوں صارفین کو ان پلیٹ فارمز کی سروسز کے استعمال میں دشواری کا سمنا رہا تھا اور صارفین لاک نہیں ہوپا رہے تھے۔ تاہم 30 منٹ بعد یہ سروسز بحال ہو گئیں تھی۔