قبائلی عصبیت پھیلانے پر سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گرفتار
’مذکورہ شخص نے قابل اعتراض مواد شیئر کرکے سائبر کرائم قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے‘ (فوٹو: سبق)
پبلک پراسیکیوشن نے قبائلی تعصب پھیلانے پر ایک سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل مواد شیئر کیا ہے جس میں معاشرے کے افراد کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور وحدت کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
’مذکورہ شخص نے ایک قبیلے کےمتعلق انتہائی غلط زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں برا بھلا کہا ہے جبکہ اپنے قبیلے کو برتر بنا کر پیش کیا ہے۔‘
ادارے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ مواد سے ملک میں قبائل کے درمیان ہم آہنگی، رواداری اور معاشرے کی وحدت کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘
’یہ ملک کے امن عامہ اور معاشرتی نظام کے خلاف اقدام ہے جس پر 5 سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔‘
ادارے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے قابل اعتراض مواد شیئر کرکے سائبر کرائم قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔‘