سعودی عرب زیادہ کورونا ٹیسٹ کرنے والے پہلے 10 ممالک میں شامل
مملکت میں کورونا وبا کے آغاز سے ٹیسٹ کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرنے والے پہلے دس ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں کورونا کے کیسز ریکارڈ پر آتے ہی حکم جاری کردیا تھا کہ تمام شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا مفت علاج کیا جائے۔
جنوبی دمام کے عبداللہ فواد محلے میں واقع الشفا ہیلتھ سینٹر وزارت صحت کے یہاں رجسٹرڈ ان سینٹرز میں سے ایک ہے جو کورونا وبا کے آغاز ہی سے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا ٹیسٹ اور انہیں علاج کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔
الشفا ہیلتھ سینٹر نے روزانہ کی بنیاد پر 700 سے ایک ہزار تک کورونا کے مریضوں کو ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی۔ سینٹر نے اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کی تھی اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو سہولت فراہم کی۔
شفا ہیلتھ سینٹر میں متعدد کنسلٹنٹ اور نرسیں ہیں۔ یہ وبا کے زمانے میں متاثرین کو طبی خدمات فراہم کرنے میں آگے رہیں۔
شفا ہیلتھ سینٹر نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو یہ سہولت بھی دی کہ وہ سینٹر آنے سے قبل اندراج کرالیں۔ نجی معلومات ریکارڈ کرادیں تاکہ سینٹر پہنچنے پر معائنے میں تاخیر نہ ہو۔