Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیدل حج کرنے والوں کے لیے مختص راستے میں مزید سہولتیں

حاجیوں کو منیٰ، مزدلفہ اور عرفات آنے جانے میں سہولت ہوگئی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حج مقامات منی، مزدلفہ اور عرفات میں پیدل حج کرنے والوں کے مختص راستوں میں مزید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ’قدیم زمانے میں عازمین کو سفر حج میں مشقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ مکہ سمیت تمام حج مقامات پر پہنچنے میں رکاوٹیں پیش آتی تھیں۔‘ 
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے حج شاہراہوں کو خطرات سے محفوظ کرکے سفر حج کو آسان بنا دیا۔
سعودی حکومت نے مملکت کے تمام علاقوں کو شاہراہوں سے جوڑ دیا ہے۔ مشاعر مقدسہ، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں پیدل حج کرنے والوں کے لیے خصوصی راستہ ان میں سے ایک ہے۔ 
پیدل حج کرنے والوں کے لیے جو راستہ بنایا گیا ہے وہ میدان عرفات اور مزدلفہ سے گزرتے ہوئے منیٰ تک بنایا گیا ہے اس سے حاجیوں کو مکہ، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات آنے جانے میں سہولت ہوگئی ہے۔
اس راستے پر چار ٹریک ہیں اور یہ مجموعی طور پر 25 کلو میٹر سے زیادہ طویل  ہیں۔
یہ  دنیا بھر میں پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے طویل ترین راستوں میں سے ایک ہیں۔ 
پہلا ٹریک 5100 میٹر، دوسرا ٹریک 7580 میٹر، تیسرا ٹریک 7556 میٹر اور چوتھا 4620 میٹر طویل ہے۔ 
چاروں ٹریک  کو محفوظ بنانے کے لیے کنکریٹ کی 500 رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔ پیدل چلنے والوں کے آرام کے لیے جگہ جگہ بینچ نصب کیے گئے ہیں جن کی تعداد ایک ہزار ہے۔

 راستے پر رہنمائی کے لیے 57 بورڈ نصب کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)

 گرمی سے بچانے کے لیے سائبان لگائے گئے ہیں جبکہ گرم موسم کو خوش گوار بنانے کے لیے پھوار کا بھی انتظام ہے۔
 راستے پر رہنمائی کے لیے 57 بورڈ نصب ہیں ۔ 810 فانوس لگائے ہیں جبکہ 30 میٹر اونچے روشنی کے ٹاور لگائے گئے ہیں۔ 
 اس راستے کی ایک خوبی یہ ہے کہ اس پر معذوروں کےلیے علیحدہ راہداری بنائی گئی ہے تاکہ  لوگ آسانی سے کسی رکاوٹ کے بغیر حج مقامات پر آجاسکیں۔

شیئر: