Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی مکمل انشورنس میں کون سے نقصانات شامل نہیں

حد سے زیادہ سواریاں بٹھانا یا زیادہ سامان لادنا بھی درست نہیں- (فوٹو عاجل)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی مکمل انشورنس پیکج میں پانچ معاملات شامل نہیں ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ساما نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بیان ان معاملات کی وضاحت کی ہے جو انشورنس پیکج کا حصہ نہیں۔
ساما نے بیان میں کہا کہ گاڑی کے متفقہ استعمال کے مقاصد کی خلاف ورزی اور انشورنس کی انتہائی حد سے زیادہ نقصان پر کمپنی انشورنس کرانے والے کی گاڑی کے نقصانات کی متحمل نہیں ہوگی۔
 اگر کچے راستوں پر ڈرائیونگ سے گاڑی کو نقصان پہنچا، ریس میں حصہ لینے سے نقصان ہوا، سگنل توڑنے، مخالف سمت میں گاڑی چلانے سے نقصان ہوا تو ان صورتوں میں انشورنس کمپنی کسی بھی نقصان کی متحمل نہیں ہوگی۔  
بیان میں کہا گیا  کہ گاڑیوں کی مکمل انشورنس دستاویز کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کمپنی انشورنس کرانے والے کو انشورڈ گاڑی کو پہنچنے والے نقصانات کا معاوضہ فراہم کرے۔ گاڑی سے دوسرے کو ہونے والے نقصان کی تلافی کرے یا متاثرہ گاڑی کا نقصان پورا کرے بشرطیکہ حادثے کا ذمہ دارانشورنس کرانے والا ہو۔ اس حوالے سے شرائط و ضوابط مقرر ہیں۔ انشورنس دستاویز میں تمام تفصیلات درج ہوتی ہیں جن کی پابندی فریقین کے لیے لازمی ہے۔  
ساما کا کہنا ہے کہ انشورنس کرانے والا پالیسی کی تمام تفصیلات سے آگاہی حاصل کرے۔ دستاویز میں ایک عنوان ’کیا کچھ انشورنس سکیم میں شامل نہیں‘ اسے ضرور پڑھا جائے۔ اسی طرح سے دستاویز میں ان صورتوں کا تذکرہ ہوتا ہے جن میں کمپنی تھرڈ پارٹی کے نقصانات پورے کرنے کی پابند ہوتی ہے۔ اسے بھی ضرور پڑھا جائے- 
ساما نے بتایا کہ گاڑی کے مکمل انشورنس پیکیج میں حد سے زیادہ سواریاں بٹھانے یا حد سے زیادہ سامان لادنے یا حد سے زیادہ گاڑی کے استعمال یا انشورنس پیکیج میں غیرمذکورہ مقاصد کے لیے گاڑی کے استعمال سے ہونے والے نقصانات پورے کرنا کمپنی کی ذمہ داری نہیں ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: