موسم کی صورتحال: پیر کو کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
اللیث اور ینبع کمشنریوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر کو نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کہیں درمیانے درجے اور کہیں تیز بارش ہوگی۔ ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ بارش سے سیلاب بھی آسکتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مشرقی ریجن اور ریاض کے جنوبی مقامات نیز مملکت کے جنوب مغربی پہاڑوں اور اللیث اور ینبع کمشنریوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور الاحسا میں ہوگا جبکہ کم از کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ اتوار کو مملکت کے تیرہ شہر گرم ترین رہے۔
سب سے زیادہ درجہ حرارت 47.7 سینٹی گریڈ دمام میں ریکارڈ کیا گیا۔ ریاض میں درجہ حرارت 46.5 سینٹی گریڈ رہا۔
الاحسا، القیصومہ اور الخرج میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ، رفحا اور شرورہ میں درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ ، عرعر اور ینبع میں 42 سینٹی گریڈ ، مدینہ منورہ اور سکاکا میں 41 سینٹی گریڈ ، تبوک میں 40 سینٹی گریڈ جبکہ العلا میں 39 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔