مصر نے الجزائر اور مراکش پر زور دیا ہے کہ سفارتی حل اور بات چیت کا راستہ اختیار کریں تاکہ تنازع طے کیا جاسکے۔
عرب نیوز کے مطابق مصری وزیر خارجہ سامع شکری نے الجزائر کے وزیر خارجہ رمطان لعمامرۃ اور مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریطہ سے ٹیلی فونک رابطوں کے دوران یہ اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں
-
الجزائر میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کے لیے فضائی پل قائمNode ID: 594531
-
شہزادہ فیصل بن فرحان کا الجزائر کے وزیر خارجہ کو ٹیلی فونNode ID: 595101
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حفیظ نے ایک بیان میں کہا کہ’ مصری وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ پیش رفت اور اس صورتحال سے نکلنے اور آگے بڑھنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے‘۔
یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنطیم ( او آئی سی) عرب لیگ اور سعودی عرب بھی دونوں ملکوں سے بات چیت کے ذریعے تنازع طے کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
الجزائر نے مراکش سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے اپنا سفیر گزشتہ منگل کو رباط سے واپس بلالیا تھا-
وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ’مراکش کے سیکیورٹی اور پروپیگنڈہ ادارے مبینہ طور پر الجزائر، اس کے عوام اور قائدین کے خلاف ’گھٹیا جنگ‘ چھیڑے ہوئے ہیں اور نفرت انگیز اور ورغلانے والی افواہیں پھیلا رہے ہیں‘۔
’مراکش کی اشتعال انگیزی اس وقت بڑھ گئی جب اقوام متحدہ میں مراکش کے نمائندے نے قبائلی علاقے کی خود مختاری کا مطالبہ کیا۔
مراکشی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘الجزائر کی طرف سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے یکطرفہ فیصلے پر افسوس ہے۔ اس یکطرفہ فیصلے کی توجیہ سمجھ سے بالاتر ہے۔‘