Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا سیاحتی ویزہ، سیاحوں کے لیے کن باتوں کا جاننا ضروری ہے؟

سیاحتی ویزوں پر آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا چاہیے (فائل فوٹو: گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات پیر 30 اگست سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو سیاحتی ویزے جاری کرنا شروع کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق مذکورہ فیصلے کا اطلاق ان ممالک کے مسافروں پر بھی ہوگا جن پر سفری پابندیاں ہیں۔
ایسے ممالک سے آنے والوں کو یو اے ای آمد پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔
اماراتی حکام کے مطابق ’تمام ممالک کے افراد کے لیے سیاحتی ویزے کی درخواستیں 30 اگست سے کھلیں گی۔‘
’سیاحوں کو عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ کورونا ویکسینز میں سے ایک ویکسین لگوانے کی ضرورت ہوگی۔‘
سیاحتی ویزے ان ممالک کے مسافروں کے لیے بھی کھلے ہیں جہاں سے پہلے سفر پر پابندی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’سیاحتی ویزوں پر آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا چاہیے۔‘
’بغیر ویکسین والے تمام سابق قواعد بشمول مستثنیٰ کیٹگری، اپنی جگہ پر موجود ہیں۔‘
وہ مسافر جو متحدہ عرب امارات میں ویکسی نیٹڈ افراد کو فراہم کیے جانے والے فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ آئی سی اے (ICA)  پلیٹ فارم یا الحسن ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی ویکسینیشن رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں اب تک کورونا وائرس کے سات لاکھ 15 ہزار کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار سے زائد ہے۔
متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزے کھولنے کا فیصلہ کورونا کیسز میں کمی کی وجہ سے کیا ہے۔ گذشتہ ہفتے کئی مہینوں میں کورونا کیسز کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے کم رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات جو ایک بین الاقوامی سفری مرکز ہے، نے کئی ماہ کے لیے جنوبی ایشیائی اور افریقی ممالک کے مسافروں کی آمد پر کورونا وائرس کی وجہ سے پابندی عائد کی تھی۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے پانچ اگست سے پاکستان، انڈیا، نائیجیریا اور دیگر ممالک سے ٹرانزٹ ٹریفک پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔

شیئر: