سعودی طیارہ دو ہزار میڈیکل آکسیجن سیلنڈر لے کر تیونس پہنچ گیا
سعودی طیارہ دو ہزار میڈیکل آکسیجن سیلنڈر لے کر تیونس پہنچ گیا
بدھ 1 ستمبر 2021 19:00
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امدادی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی طیارہ میڈیکل آکسیجن کے دو ہزار سیلنڈر لے کر تیونس پہنچا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر تیونس کو کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے درکار صحت لوازمات، ادویہ، مشینیں اور آکسیجن وغیرہ فراہم کررہا ہے۔
تیونس میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الصقر نے کہا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر دو ہزار آکسیجن سیلنڈر سعودی عرب سے تیونس پہنچ گئے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امدادی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے وبا کے انسداد کے لیے بھیجی گئی امداد کی بدولت تیونس میں وائرس سے متاثرین اور اموات کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی غیر متزلزل پالیسی ہے کہ آزمائش سے دوچار دوست اور برادر ممالک کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی جائے۔ آئندہ بھی سعودی عرب سے کورونا وبا سے نمٹنے میں مدد کے لیے طیارے امدادی سامان لاتے رہیں گے۔