فالکن نیلامی کا اختتام، آخری دن 20 لاکھ ریال کا کاروبار
’گزشتہ دو دنوں کے دوران مجموعی طور پر 43 لاکھ 86 ہزار ریال کا کاروبار ہوا ہے‘ (فوٹو: واس)
ریاض میں منعقد فالکن نیلامی میلے کا اختتام ہوگیا جس کے آخری دن 20 لاکھ ریال کا کاروبار ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیلامی میں سب سے مہنگا باز آخری دن فروخت ہوا ہے جس کی قیمت 17 لاکھ 50 ہزار ریال تھی۔
مذکورہ باز امریکہ کے فام میں پلا ہوا ہے جس کی لمبائی 16.50 انچ جبکہ وزن 980 گرام ہے۔
باز پر نیلامی کے دوران بولیاں لگتی رہیں اور قیمت بڑھتی رہی یہاں تک آخری قیمت پر بولی بند ہوگئی۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’گزشتہ دو دنوں کے دوران مجموعی طور پر 43 لاکھ 86 ہزار ریال کا کاروبار ہوا ہے‘۔
واضح رہے کہ فالکن کلب کے تحت پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر نیلامی میلہ لگا ہے جو 5 اگست کو شروع ہوا تھا۔
اس میں 14 ممالک سے باز پالنے والے ادارے اور افراد شریک رہے۔