سعودی وزیر خارجہ کی البانیہ کے وزیر اعظم سے ملاقات
سعودی وزیر خارجہ کی البانیہ کے وزیر اعظم سے ملاقات
ہفتہ 11 ستمبر 2021 18:39
مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے ـ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کو البانیہ کے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پرالبانیہ پہنچے ہیں۔ وزیر اعظم آفس میں ان کا استقبال البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما نے کیا۔ وزیر خارجہ اولٹا جاتشکا بھی موجود تھے ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت و نائب وزیر وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے البانوی وزیر اعظم اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ـ
ملاقات میں مختلف سرکاری امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ـ مشترکہ اجلاس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے ـ
اجلاس میں دونوں برادر ممالک کے مابین مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقتصادی معاملات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں مملکت اور البانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے علاوہ دیگر معاملات کے حوالے سے مشترکہ تعاون پربھی معاملات زیر بحث آئےـ
مشترکہ اجلاس میں ولی عہد مملکت کی جانب سے پیش کیے جانے والے ’گرین سعودی عرب اور مشرق وسطی ‘ منصوبے پربھی تبادلہ خیال کیا گیاـ
اجلاس میں البانیہ میں سعودی عرب کے سفیر فیصل حفظی اور وزیر خارجہ آفس کے ڈائریکٹر عبدالرحمن الداود نے بھی شرکت کی۔