بیش ڈیم کے دروازے ایک ماہ کے لیے کھولے جائیں گے
’زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے 20 ملین لیٹر مکعب پانی چھوڑا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
جازان میں واقع بیش ڈیم کے دروازے آج پیر سے ایک ماہ کے لیے کھولے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت نے کہا ہے کہ ’ڈیم سے 20 ملین لیٹر مکعب پانی چھوڑا جائے گا‘۔
جازان ریجن میں وزارت کے دفتر کے سربراہ انجینئر محمد آل عطیف نے کہا ہے کہ ’علاقے کی زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی چھوڑا جا رہا ہے‘۔
’آج سے 8 دن تک چھوڑے جانے والا پانی زیادہ مقدار میں ہوگا جبکہ اس کے بعد 22 دن کے لیے پانی کی مقدار کم کردی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’رہائشیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وادی میں پانی کی گزرگاہوں سے دور رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں‘۔
واضح رہے کہ وادی بیش ڈیم کا افتتاح 2009 میں ہوا تھا۔ اس کی مجموعی لمبائی 340 میٹر اور اونچائی 106 میٹر ہے۔